سرینگر کے ہوٹل میں باورچی بے ہوش ملنے کے بعد اسپتال میں مردہ قرار

سرینگر کے اندرا نگر علاقے میں واقع ایک ہوٹل میں کام کرنے والا 30 سالہ باورچی غسل خانہ میں بے ہوش حالت میں پایا گیا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

متوفی کی شناخت محمد امین ملا ولد محمد یوسف ساکنہ پاپہ چھن بانڈی پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ہوٹل کے مالک نے محمد امین کو بے ہوشی کی حالت میں فوری طور پر ایس ایم ایچ ایس اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد انہیں اسپتال پہنچنے سے قبل ہی فوت شدہ قرار دیا۔

اطلاعات کے مطابق محمد امین ہوٹل کے غسل خانہ میں بے ہوش حالت میں پڑے ہوئے ملے تھے، جس کے بعد ہوٹل انتظامیہ نے انہیں فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال پہنچایا، تاہم ان کی جان نہ بچائی جا سکی۔

پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے اور موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

Comments are closed.