ریاستی درجہ کی بحالی کیلئے احتجاج محض ڈرامہ ہے، بی جے پی شامل نہیں ہوگی/ سنیل شرما
جموں و کشمیر اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما سنیل شرما نے جمعہ کے روز نیشنل کانفرنس (این سی) کی جانب سے دہلی کے جنتر منتر پر مجوزہ ریاستی درجہ بحالی احتجاج کو محض آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اس احتجاج میں ہرگز شامل نہیں ہوگی۔
سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنیل شرما نے کہا کہ ریاستی درجہ کی بحالی کا معاملہ عوامی جذبات سے جڑا ہوا ہے، تاہم موجودہ حکومت اسے اپنی ناکامیوں اور عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ "وزیر اعلیٰ نے گزشتہ سال ریاستی درجہ کی بحالی کے لیے جس دستخطی مہم کا اعلان کیا تھا، اس کا کیا ہوا؟ وہ مہم کہاں گئی؟” انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت نے اس وعدے کو بھی دیگر وعدوں کی طرح فراموش کر دیا ہے۔
سنیل شرما نے حکومت کی آو¿ٹ سورسنگ پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ملازمتوں کا بڑا گھوٹالہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پالیسی کے ذریعے اہل اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کے حقوق سلب کیے جا رہے ہیں جبکہ پسِ پردہ بھرتیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
Comments are closed.