امرناتھ یاترا کی گاڑی ادھم پور میں حادثے کا شکار، پانچ زخمی، خاتون کی حالت تشویشناک
جموں سرینگر شاہراہ پر ادھم پور چنانی سیکشن میں ٹولڈی نالہ کے قریب جمعہ کی صبح امرناتھ یاترا پر جانے والے یاتریوں کی ایک گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں پانچ یاتری زخمی ہوگئے، جن میں ایک خاتون کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق حادثہ صبح تقریباً 10بجے اس وقت پیش آیا جب ارٹیگا گاڑی، جس کا رجسٹریشن نمبرMP13ZY-2836ہے، ٹولڈی نالہ کے قریب بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہوگئی۔
حکام نے بتایا کہ زخمی ہونے والے تمام پانچ افراد مدھیہ پردیش کے رہائشی ہیں اور امرناتھ یاترا پر جا رہے تھے۔ زخمیوں میں شامل ایک خاتون کو شدید چوٹیں آئی ہیں، جبکہ دیگر چار افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی سی آر پی ایف ،سول ڈیفنس، ٹریفک پولیس اور جموں و کشمیر پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور مشترکہ طور پر امدادی کارروائی شروع کی۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر گورئمنٹ میڈیکل کالج ادھم پور سے وابستہ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
Comments are closed.