وزیر اعلیٰ کی موجودگی میں گلمرگ گنڈولہ سروس سہ پہر 3 بجے دوبارہ بحال ہو گی/ حکام
کشمیر کی سیاحت کی پہچان سمجھے جانے والے مشہور گلمرگ گنڈولہ کی خدمات آج سہ پہر 3 بجے بحال کر دی جائیں گی۔ یہ سروس گزشتہ ایک ماہ سے تکنیکی خرابی کے باعث معطل تھی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ گنڈولہ کی دوبارہ شروعات کے موقع پر گلمرگ پہنچیں گے۔ ان کے ہمراہ مشیر ناصر اسلم وانی اور گلمرگ کے رکن اسمبلی فاروق شاہ بھی موجود ہوں گے۔
واضح رہے کہ 25 مئی 2026 کو گنڈولہ میں اچانک فنی خرابی پیدا ہونے کے بعد 300 سے زائد سیاح مختلف کیبنوں میں فضا میں پھنس گئے تھے۔
گنڈولہ کی بندش سے مقامی معیشت کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ سیاحتی سرگرمیوں سے وابستہ گائیڈز، فوٹوگرافرز، پونی مالکان اور ٹور آپریٹرز کی روزی روٹی متاثر ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ کیبل کار کارپوریشن کی تکنیکی ٹیم نے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران خرابی کو دور کرنے کے لیے مسلسل کام کیا اور گزشتہ دو روز میں متعدد کامیاب آزمائشی مراحل (ٹرائل رنز) مکمل کیے گئے، جس کے بعد سروس بحال کرنے کی اجازت دی گئی۔
ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ گنڈولہ نظام کی مکمل جانچ اور نگرانی کی گئی ہے اور تمام حفاظتی تقاضوں کو پورا کرنے کے بعد ہی اسے دوبارہ عوام کے لیے کھولا جا رہا ہے۔
Comments are closed.