محرم الحرام تقریبات کا احسن طریقہ سے انعقاد انتظامیہ کی اولین ترجیح / صوبائی کمشنر

وادی کشمیر میں محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کے پرامن اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ، محرم کمیٹیاں، رضاکار تنظیمیں اور دیگر متعلقہ فریق باہمی اشتراک سے کام کر رہے ہیں کی بات کرتے ہوئے صوبائی کمشنر کشمیر نے کہا کہ اس سال محرم کی تقریبات ایسے وقت میں منعقد ہو رہی ہیں جب ایک طرف سالانہ امرناتھ یاترا کا آغاز ہونے والا ہے اور دوسری جانب وادی میں سیاحوں کی بڑی تعداد موجود ہے، اس لیے تمام سرگرمیوں کے کامیاب انعقاد کیلئے مربوط حکمت عملی اختیار کی گئی ہے۔

آٹھویں محرم کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی کمشنر کشمیر ونشول گرگ نے کہا کہ لیفٹنٹ گورنر اور وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر محرم کے جلوسوں اور مجالس کے لیے وسیع پیمانے پر انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف اضلاع کی انتظامیہ، محکمہ صحت، پولیس، ٹریفک حکام اور دیگر متعلقہ اداروں کو جلوسوں کے راستوں پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔گرگ کے مطابق محرم الحرام کے آغاز سے قبل تمام اضلاع میں محرم کمیٹیوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرس کے ساتھ تفصیلی مشاورت کی گئی، جس کے بعد یکم، آٹھویں اور دسویں محرم سمیت اہم ایام کیلئے جامع منصوبہ بندی تیار کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری ردعمل دینے والی ٹیمیں جلوسوں کے تمام اہم راستوں پر تعینات کی گئی ہیں۔انہوں نے عوامی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برسوں کی طرح اس مرتبہ بھی لوگوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات اور اجازت ناموں کی مکمل پاسداری کریں تاکہ تمام مذہبی تقریبات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دی جا سکیں۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کی سرگرمیاں تقریباً چالیس سے پچاس دن تک جاری رہتی ہیں، اس لیے اس دوران تمام متعلقہ اداروں، رضاکاروں اور عوام کو مشترکہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ امن و امان، ٹریفک نظم و نسق اور عوامی سہولیات کے حوالے سے تمام محکمے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

Comments are closed.