میلہ کھیر بھوانی :تولہ مولہ گاندربل میں ہزاروں پنڈتوں کی شرکت ، خصوصی پوجا پاٹ کا اہتمام

ریا ض بٹ

سخت ترین سیکورٹی انتظامات کے بیچ وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے تولہ مولہ علاقے میں واقع کھیر بھوانی کے مندر میں سالانہ میلے میں ہزاروں کی تعداد میں کشمیری پنڈتوں کے علاوہ مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ اس موقعے پر مندر میںخصوصی پوجاپاٹ کا اہتمام کیا گیا تھا اور جموں کشمیر کے امن و بھائی چارے کےلئے پراتھنا کی گئی ۔

اس دوران میلے کو احسن طریقے سے منعقد کرنے کےلئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے انتظامات کئے تھے جبکہ تولہ مولہ مندر کے ارد گرد حفاظت کے بھی کڑے بندوبست تھے ۔ اس موقعے پروسطی ضلع گاندربل کے تولہ مولہ علاقے میں واقع کھیر بھوانی مندر میں صدیوں پُرانی رویت کو برقرار رکھتے ہوئے مقامی مسلمانوں نے کشمیری پنڈتوں کےلئے کھانے پینے اور دیگر سہولیات کا انتظام کیا اور مختلف ریاستوں سے آئے ہوئے کشمیری پنڈتوں کا والہانہ استقبال کیا ۔

میلے کے دورا ن کھیر بھوانی مندرمیں خصوصی پوجا ارچنا کا بھی اہتمام کیا گیا اور جموںکشمیر میں قیام امن کےلئے خصوصی پراتھنا بھی کی گئی۔منگلوارکی صبح سے ہی ہزاروں کشمیری پنڈت وسطی کشمیر میں کھیر بھوانی کے مقام پر جمع ہوکر سالانہ میلے میں شریک ہوئے۔اس سلسلے میں ضلع گاندربل میں تولہ مولہ کے مقام پر زبردست چہل پہل اور گہماگہمی نظر آرہی ہے جہا ں چاروں طرف خوشی اور انبساط کا موسم ہے۔ذرائع نے کہا کہ کھیربھوانی کے مندر احاطے میں موجود بلند و بالا چنار وں کے سائے میں ہزاروں پنڈت جمع ہیں جو ریاست اور اس سے باہر کے مختلف علاقوں سے آئے ہیں۔انتظامیہ نے میلے کے احسن انعقاد کیلئے خاصے انتظامات کررکھے ہیں۔میلے میں شریک ہونے والے کشمیری پنڈتوں نے اس موقعے پر مقامی مسلمانوں کا شکریہ اداکیا اور اس بات کی ایک بار پھر امید ظاہر کی کہ کشمیری پنڈت واپس اپنے وطن کو آئیں گے جہاں پر وہ سکھ برادی اور مسلم برادری کے ساتھ مل جل کر زندگی گزاریں گے ۔ اس دوران انہوں نے ضلع انتظامیہ کا بھی شکریہ اداکیا جنہوںنے میلے کےلئے بہتر انتظامات کئے تھے ۔

Comments are closed.