کھیر بھوانی میلہ: کشمیر یونیورسٹی کی سماجی خدماتی مہم کو عقیدت مندوں کی بھرپور پذیرائی
کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ طلبہ بہبود (ڈی ایس ڈبلیو) نے اپنی سماجی ذمہ داری اور عوامی رابطہ پروگراموں کے تحت ضلع گاندربل کے تولہ مولہ میں واقع مقدس خیر بھوانی مندر پر خصوصی سماجی خدماتی کیمپ کا انعقاد کیا۔ اس کیمپ کا مقصد ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے عقیدت مندوں کی سہولت اور خدمت کو یقینی بنانا تھا۔
افسران، ملازمین اور طلبہ رضاکاروں نے کھیر بھوانی مندر کے مرکزی دروازے پر قائم کیمپ میں دن بھر عقیدت مندوں کو پینے کا صاف پانی، شربت ودیگر اشیاءفراہم کیں۔
کشمیر یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نیلوفر خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ یونیورسٹی ہمیشہ سماجی ذمہ داری، شمولیت اور عوامی خدمت کی اقدار کی پاسداری کرتی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ معاشرے کے مختلف طبقات کے ساتھ مثبت روابط قائم رکھنا یونیورسٹی کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیر بھوانی مندر میں قائم سماجی خدماتی کیمپ انہی اقدار کا مظہر ہے اور اس سے نہ صرف سماجی ہم آہنگی کو فروغ ملتا ہے بلکہ طلبہ میں رضاکارانہ خدمات کے جذبے کو بھی تقویت حاصل ہوتی ہے۔ وائس چانسلر نے طلبہ کی فعال شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں نوجوانوں کی شخصیت سازی اور ان کے عملی تجربات میں اضافہ کرتی ہیں۔
کشمیر یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر نصیر اقبال نے کہا کہ جامعات صرف تعلیم فراہم کرنے والے ادارے نہیں ہوتیں بلکہ وہ ذمہ دار شہریوں کی تربیت کا بھی اہم فریضہ انجام دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیر بھوانی مندر میں عقیدت مندوں کی خدمت میں یونیورسٹی کے طلبہ اور عملے کی شرکت ہمدردی، احترام اور سماجی وابستگی جیسی اعلیٰ اقدار کی عکاسی کرتی ہے۔
Comments are closed.