لیفٹنٹ گورنر نے ماتا کھیر بھوانی مندر میں یاتری بھون کا اِفتتاح کیا

لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج ماتا کھیر بھوانی مندرتولہ مولہ گاندربل میں’ یاتری بھون‘ کا اِفتتاح کیا۔ اُنہوں نے عوام کے نام یہ سہولیت وقف کرتے ہوئے کہا کہ نیا یاتری بھون محفوظ، صحت مند اور آرام دہ رہائشی سہولیات فراہم کر کے ماتا کھیر بھوانی مندر میں یاترا کے تجربے کو نمایاں طور پر بہتر بنائے گا۔
تولہ مولہ میں ماتا کھیر بھوانی مندر جموں و کشمیر کے سب سے زیادہ قابل احترام عبادت گاہوں میں سے ایک ہے۔ سری نگر سے تقریباً 25 کلومیٹر اور گاندربل قصبے سے 5 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع یہ مندرسال بھر بڑی تعداد میں عقیدت مندوں کو بالخصوص سالانہ میلہ کھیر بھوانی اور جیشٹھ اشٹمی کے موقعہ پر اَپنی طرف متوجہ کرتا ہے، ہزاروں یاتری جن میں کشمیری پنڈت کمیونٹی کے اَفراد بھی شامل ہوتے ہیں جو یہاں حاضری دیتے ہیں۔ سال 2023 میں متعدد وفود نے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کرکے یاتری بھون کی تعمیر کی درخواست کی تھی۔اِس کے بعد محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج نے اَپنے رورل اِنجینئرنگ وِنگ (آر اِی ڈبلیو) کے ذریعے منصوبہ تیار کیا اور لیفٹیننٹ گورنر نے 2024 میں اس کا سنگِ بنیاد رکھا۔
اُنہوں نے کہا،”ماتا کھیر بھوانی کے آشیرواد سے میں نے 2024 میں جیشٹھ اشٹمی کے موقعہ پر اس منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا تھا۔ یہ منصوبہ ہندوستان اور بیرونِ ملک سے آنے والے یاتریوں کی میزبانی کے لئے شرائین کی صلاحیت کو بڑھادے گا۔ میرا مقصد ہمیشہ یہ رہا ہے کہ مندر آنے والی کشمیری پنڈت کمیونٹی کو بہترین سہولیات اور پُرسکون روحانی ماحول فراہم کیا جائے۔“
مندر احاطے کے اندر 3.85 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ اس عمارت میں جی پلس ٹو آر سی سی فریم ڈھانچہ پر مشتمل ہے جس کا پلنتھ ائیریا 3,885 مربع فٹ ہے اور اسے فلور بیڈنگ کے اِنتظامات کے تحت تقریباً 800 تا 900 یاتریوں کی گنجائش کے لئے ڈیزائن کی گئی ہے۔
اِس سے قبل لیفٹیننٹ گورنر نے ماتا کھیر بھوانی مندر میں حاضری دی اور اَمن، خوشحالی اور سب کی بھلائی کے لئے دُعا کی۔

Comments are closed.