امن اور بھائی چارے کا پیغام : ہند پاک دوستی میلہ 14 اور 15 اگست کو امرتسر میں ہوگا

گزشتہ تین دہائیوں سے ہند پاک دوستی کے فروغ کے لیے سرگرم تنظیموں ہند پاک دوستی منچ اور فولکلور ریسرچ اکیڈمی نے اعلان کیا ہے کہ اس سال بھی 14 اور 15 اگست کو ہند پاک دوستی میلہ منعقد کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں آج ورسہ وہار، امرتسر میں ایک اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ہند پاک دوستی منچ کے جنرل سیکریٹری ستنام مانک اور فولکلور ریسرچ اکیڈمی کے صدر رمیش یادو نے کی۔ اجلاس میں کسان رہنماو¿ں، ادیبوں، شاعروں، دانشوروں اور مختلف سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی اور میلے کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ستنام مانک نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے 95 فیصد عوام دونوں ممالک کے درمیان امن، دوستی اور بھائی چارہ چاہتے ہیں، تاہم حکومتی پالیسیوں کے باعث دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حالات اسی طرح رہے تو یہ کشیدگی کسی بڑے اور خطرناک تصادم، حتیٰ کہ ایٹمی جنگ کی صورت بھی اختیار کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہند پاک دوستی منچ، کیرتی کسان یونین، قومی کسان سبھا، پنجاب کسان یونین (رلدو) اور ان کی اتحادی تنظیمیں گزشتہ 30 برسوں سے ہر سال 14 اور 15 اگست کو ہند پاک دوستی میلہ منعقد کرتی آ رہی ہیں تاکہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات اور امن کے پیغام کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ 14 اگست کی دوپہر ایک سیمینار منعقد کیا جائے گا، جبکہ اسی روز شام اور رات کو بھارت-پاکستان سرحد پر شمعیں روشن کر کے دونوں ممالک کے درمیان امن، دوستی اور بہتر تعلقات کے لیے دعائیں کی جائیں گی۔

فولکلور ریسرچ اکیڈمی کے صدر رمیش یادو نے اجلاس میں شریک تمام شخصیات کا خیرمقدم کیا اور 14 اگست کو منعقد ہونے والے پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں مختلف کسان رہنماو¿ں، ادیبوں اور دانشوروں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا، جبکہ آخر میں کمرجیت کور جسّال نے تمام شرکائ کا شکریہ ادا کیا۔

Comments are closed.