لالبازار سرینگر میں مطلوبہ منشیات فروشوں کی 1.5 کروڑ روپے کی غیر قانونی املاک مسمار

نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان کے تحت منشیات کی اسمگلنگ اور منشیات سے متعلق سرگرمیوں کے خلاف اپنی تیز مہم کو جاری رکھتے ہوئے، سرینگر پولیس نے لال بازار علاقے میں ایک مطلوب منشیات فروش سے مبینہ طور پر منسلک تقریباً 1.5 کروڑ روپے کی غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی جائیداد کو مسمار کر دیا۔

عہدیداروں نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن لال بازار نے ایک دو منزلہ غیر قانونی ڈھانچے کو مسمار کیا جس کے ساتھ ملحقہ کمرہ اور واش روم ہکا بازار، لال بازار میں سرکاری اراضی پر تعمیر کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق، یہ جائیداد تقریباً نو مرلے پر پھیلی ہوئی تھی اور مبینہ طور پر مطلوب منشیات فروش ارشد احمد شیخ ولد ولی محمد شیخ، ساکن ہاکا بازار، لال بازار سے منسلک تھی، جو مبینہ طور پر نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکوٹرپک سبسٹینس (این ڈی پی ایس) ایکٹ کے تحت درج متعدد مقدمات میں ملوث ہے۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 8/21 اور 22 کے تحت پولیس سٹیشن جانی پور، جموں میں درج ذیل ایف آئی آر نمبر 31.2025میں ملوث ہے۔

انہدامی کارروائی ایگزیکٹیو مجسٹریٹ خانیار اور سری نگر میونسپل کارپوریشن کے اہلکاروں کی موجودگی میں کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی قانونی دفعات کے مطابق سختی سے کی گئی ہے جو کہ منشیات کی تجارت کے ذریعے پیدا ہونے والے غیر قانونی اثاثوں اور مالیاتی نیٹ ورکس کو ختم کرنے کی جاری کوششوں کے حصے کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس نے کہا کہ پوری کارروائی مناسب نگرانی میں پرامن طریقے سے کی گئی۔

Comments are closed.