بٹہ مالو سے پانپور تک سمارٹ سٹی بس سروس کی طویل معطلی ، مسافر پریشان

پانپور /11مئی

بٹہ مالو اور پانپور کے درمیان سمارٹ سٹی بس روٹ 7A کی طویل معطلی سے مسافروں کو کافی پریشانیا ں لاحق ہو گئی ہے

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بس سروس کی معطلی سے پانپور سے سرینگر تک ان کا سفر انتہائی کٹھن ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برزگوں اور طلبہ کو اب سومو گاڑیوں کے ذریعے سرینگر پہنچنا پڑتا ہے جس کے باعث ان کا کافی خرچہ بڑھ چکاہے ۔

انہوں نے کہا کہ بس سروس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں مین پانپور ٹاو¿ن، سمپورہ ،زعفران کالونی، درنگہ بل ، کدلہ بل کدلبل اور ملحقہ علاقے شامل ہیں، جہاں مسافروں کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ کی دستیابی مشکل ہوتی جا رہی ہے۔

مقامی لوگوں نے بتایا کہ سمارٹ سٹی بسوں کا آخری اسٹاپ پہلے پانپور میں کدلہ بل تھا، لیکن بعد میں اس کی خدمات پلوامہ ٹاو¿ن کی طرف بڑھا دی گئیں۔ جس کے نتیجے میں پانپور کے مسافروں نے الزام لگایا کہ بسیں اب پلوامہ اور آس پاس کے علاقوں سے بھری ہوئی آتی ہیں، جس سے مقامی مسافروں کے لیے سوار ہونا مشکل ہو جاتا ہے۔

لوگوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ اگر سمارٹ سٹی بسوں کو روٹ پر بحال نہیں کیا جاتا ہے تو حکومت ٹرانسپورٹ کے بحران کو کم کرنے کے لیے الیکٹرک ایس آر ٹی سی گرین بسیں متعارف کرائے۔

ادھر سماٹ سٹی اتھارٹی کے عہدیداروں نے کہا کہ حکومت پرائیویٹ لوکل بس آپریٹروں کے اعتراضات اور ہڑتال کے بعد پورے روٹ ڈھانچے کا جائزہ لے رہی ہے۔ حکام کے مطابق کمشنر نے محکمے کو ہدایت کی ہے کہ حتمی فیصلہ ہونے تک معاملے کو روکا جائے، جس کے بعد روٹ سسٹم پر نظر ثانی کی جا سکتی ہے۔دریں اثنا، پانپور کے ممبر اسمبلی جسٹس حسنین مسعودی نے کہا کہ خدمات کو جلد از جلد بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گالیندر سے کدلہ بل تک ایک بس سروس چلانے کی تجویز ہے، جبکہ روٹ 7A کدلہ بل سے پہو کے راستے چلنے کی توقع ہے۔

Comments are closed.