مغربی بنگال کی جیت ہمارے لئے ہمیشہ یادگار:وزیر اعظم مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے مغربی بنگال کے اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جیت کو ہمیشہ ہمیشہ کےلیئے یادگار قرار دیتے ہوئے ریاست کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے اور ان کی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے مسٹر مودی نے پیر کو ووٹوں کی گنتی میں آسام اور پڈوچیری اسمبلی کے انتخابات میں بی جے پی-قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی جیت کا سہرا بی جے پی کی گڈ گورننس اور کارکنوں کی محنت کو دیا اور ان ریاستوں کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کیرالہ اور تمل ناڈو کے لوگوں کو ان کے مسائل پر کام کرنے کا بھروسہ دلایا ہے اور انتخاب میں انتھک محنت کے لیے پارٹی کارکنوں اور پارٹی کی حمایت کرنے والے ووٹروں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ وزیر اعظم نے تمل ناڈو میں اداکار وجے کی پارٹی ٹی وی کے اور کیرالہ میں متحدہ جمہوری محاذ (یو ڈی ایف) کو جیت پر مبارکباد دی ہے۔

وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پر ایک کے بعد ایک کئی پوسٹس میں اسمبلی انتخابات پر تبصرہ کرتے ہوئے مغربی بنگال کے بارے میں لکھا، "مغربی بنگال میں کمل کھل اٹھا ہے!” وزیر اعظم نے کہا کہ "مغربی بنگال اسمبلی کے 2026 کے انتخابات ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ عوام کی طاقت کی جیت ہوئی ہے اور بی جے پی کی گڈ گورننس کی سیاست کامیاب ہوئی ہے۔ میں مغربی بنگال کے ہر شہری کو سلام کرتا ہوں۔”

انہوں نے لکھا کہ مغربی بنگال کے عوام نے بی جے پی کو شاندار عوامی مینڈیٹ دیا ہے۔ مینڈیٹ پر پورا اترنے کا یقین دلاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "میں انہیں (مغربی بنگال کے عوام کو) یقین دلاتا ہوں کہ ہماری پارٹی مغربی بنگال کے لوگوں کے خوابوں اور امنگوں کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ ہم ایسی حکومت فراہم کریں گے جو معاشرے کے تمام طبقات کے لیے مواقع اور وقار کو یقینی بنائے۔” وزیر اعظم نے کہا کہ "مغربی بنگال میں بی جے پی کی ریکارڈ توڑ جیت نسلوں سے ان گنت کارکنوں کی کوششوں اور جدوجہد کے بغیر ممکن نہیں تھی۔ میں ان سب کو سلام کرتا ہوں۔ برسوں سے انہوں نے زمینی سطح پر سخت محنت کی ہے، ہر طرح کی مشکلات کا سامنا کیا ہے اور ہمارے ترقیاتی ایجنڈے کے بارے میں بات کی ہے۔ وہ ہماری پارٹی کی طاقت ہیں۔”

مسٹر مودی نے آسام میں بی جے پی اتحاد کی جیت کا سہرا آسام کے عوام کے درمیان انتھک محنت کرنے والے تمام بی جے پی-این ڈی اے کارکنوں کو دیتے ہوئے کہا کہ "گزشتہ ایک دہائی میں ہماری پارٹی اور اتحاد کی پیش رفت قابلِ ستائش ہے۔ ان کی کوششوں سے ہی ہمارا مثبت ایجنڈا عوام کے دلوں میں جگہ بنا پایا ہے۔” انہوں نے پڈوچیری میں اتحاد کی کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا، "مجھے پڈوچیری کے این ڈی اے کارکنوں پر بہت فخر ہے، جنہوں نے زمینی سطح پر غیر معمولی کوششیں کی ہیں۔ وہ مسلسل عوام کے درمیان رہے ہیں اور ہمارے وژن اور کامیابیوں کے بارے میں تفصیل سے بتایا ہے۔ اسی وجہ سے عوام نے ہمیں ایک بار پھر نوازا ہے۔”

وزیر اعظم نے تمل ناڈو اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کی حمایت کرنے والے تامل ناڈو کے ووٹروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "ہم عوام کے مسائل کے حل اور ان کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں ہمیشہ پیش پیش رہیں گے۔” انہوں نے اداکار وجے کی پارٹی ‘ٹی وی کے’ کو ان کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد بھی دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت تمل ناڈو کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ مسٹر مودی نے کیرالہ میں بی جے پی-این ڈی اے کو ووٹ دینے والے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ہم کیرالہ کی ترقی کے لیے اہم مسائل اٹھاتے رہیں گے اور ترقی پذیر کیرالہ کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے سخت محنت کریں گے۔”

مسٹر مودی نے کیرالہ میں جیت کے لیے متحدہ جمہوری محاذ (یو ڈی ایف) کو بھی مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کیرالہ کے لوگوں کی ترقیاتی خواہشات کی ہمیشہ حمایت کرتی رہے گی۔

Comments are closed.