آئی جی پی کشمیر نے آئندہ کی تقریبات کے لیے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کشمیر زون، وی کے بردی نے جمعہ کے روز یہاں ایک اعلیٰ سطحی سیکیورٹی میٹنگ کی صدارت کی، جس میں وادی بھر میں ہونے والی آئندہ کی تقریبات کے لیے کیے گئے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔اس اجلاس میں پولیس، سی آر پی ایف ، بی ایس ایف، ایس ایس بی، آئی ٹی بی پی ، سی آئی ڈی اور فوج کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اگرچہ پولیس نے مخصوص تقریبات کا ذکر نہیں کیا، تاہم یہ جائزہ میٹنگ گزشتہ سال پہلگام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی پہلی برسی، مئی کے اوائل میں سرکاری دفاتر کی جموں سے سرینگر منتقلی۔عازمینِ حج کی روانگی کے حوالے سے سیکیورٹی اور سہولیات کے پس منظر میں انتہائی اہم ہے۔

آئی جی پی کشمیر نے افسران کو حساس معاملات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی ۔ انہون نے کہا کہ حساس مقامات اور اہم تنصیبات بشمول مشہور سیاحتی مقامات پر نگرانی مزید سخت کی جائے۔ساتھ ہی تمام اضلاع میں فورسز کے گشت میں اضافہ کیا جائے اور بین الاضلاع سرحدوں پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ مشتبہ نقل و حرکت کو روکا جا سکے۔

ضلعی سربراہان کو ہدایت دی گئی کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی نگرانی کریں تاکہ امن و امان کو متاثر کرنے والی کسی بھی قسم کی غلط معلومات یا افواہوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

سرینگر شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے اور عوام کی سہولت کے لیے ایک جامع ٹریفک پلان نافذ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ نیشنل ہائی ویز اور وادی کے حساس علاقوں میں ‘کارڈن اینڈ سرچ’ (محاصرہ اور تلاشی) کی کارروائیوں کو تیز کرنے کا حکم دیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق، اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ تمام سیکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان بہترین تال میل برقرار رکھا جائے گا تاکہ آنے والی تمام تقریبات پرامن اور کامیاب طریقے سے مکمل ہو سکیں۔

Comments are closed.