کشمیر سے حجاج کرام کا پہلا قافلہ روانہ
سری نگر، 18 اپریل
ہفتہ کوفریضہ حج کی ادائیگی کےلیئے حجاج کرام کا پہلا قافلہ سری نگر سے سعودی عرب کے لیے روانہ ہو گیا، اور اس موقع پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ ہوائی اڈے پر موجود رہے۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ اس سال 4,764 افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے۔
آج پہلے قافلے میں 431 زائرین سری نگر سے مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوئے۔ پہلے دن تین پروازوں نے اڑان بھری، جن میں 230 مرد اور 201 خواتین شامل تھیں۔ اسلام کے پانچ ارکان میں سے ایک ہونے کی وجہ سے حج ہر مسلمان کے لیے بے پناہ اہمیت رکھتا ہے اور ہر عقیدت مند زندگی میں ایک بار اس مقدس سفر کی خواہش رکھتا ہے۔
وادی کشمیر میں حاجیوں کی روانگی کا منظر کافی جذباتی اور خوشگوار رہا۔ بڑی تعداد میں لوگ حجاج کرام کے ساتھ بیمینا میں واقع حج ہاؤس تک گئے، جس کی وجہ سے پورا علاقہ تکبیر اور دعاؤں سے گونج اٹھا۔ اپنوں سے بچھڑتے وقت جہاں آنکھوں میں نمی تھی، وہیں اس مقدس سفر پر جانے کی خوشی بھی نمایاں تھی۔
ایک عازم حج نے کہا کہ”ہم وہاں امن، خوشحالی اور پوری انسانیت کی خیریت کے لیے خصوصی دعا کریں گے۔” انتظامیہ کی جانب سے حج ہاؤس میں تمام ضروری انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔
کشمیر کے میر واعظ عمر فاروق نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر حجاج کرام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ایک اہم پیغام دیا۔ انہوں نے لکھا کہ الحمدللہ، آج کشمیر سے عازمین حج کا پہلا قافلہ بیت اللہ کے مقدس سفر کے لیے روانہ ہو رہا ہے۔ میں ان کے پرامن سفر اور بارگاہِ الٰہی میں ان کے حج کی مقبولیت کے لیے دعا گو ہوں۔ میری حاجیوں سے گزارش ہے کہ جب آپ میدانِ عرفات کے اس روحانی لمحے میں کھڑے ہوں، تو امت کے ان لوگوں کو یاد رکھیں جو مصیبتوں میں ہیں۔ دعاؤں کے لیے ہاتھ صرف اپنے لیے نہ اٹھائیں، بلکہ وہاں امن کے لیے اٹھائیں جہاں جنگ ہے، وہاں انصاف کے لیے جہاں ظلم ہے اور پوری انسانیت کی عزت و آبرو کے لیے دعا کریں۔”
جموں و کشمیر انتظامیہ نے ہوائی اڈے اور حج ہاؤس میں عازمین حج کی سہولت کے لیے بہترین انتظامات کا دعویٰ کیا ہے۔
Comments are closed.