کشمیر میں 11 مارچ تک مزید برف و باراں کا امکان

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق سری نگر سمیت وادی کے کئی علاقوں میں دوران شب ہلکی بارشیں جبکہ کئی پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی ہے اور اس دوران وادی میں اگلے 48 گھنٹوں کے دوران مزید برف و باراں کی پیش گوئی کی گئی۔
اطلاعات کے مطابق گریز کی تلیل وادی،زوجیلا پاس اور سونہ مرگ میں تازہ برف باری ہوئی ہے جبکہ کئی پہاڑی علاقوں پر بھی ہلکی برف باری ہوئی ہے۔
محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 10 اور 11 مارچ تک موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کئی پہاڑی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں اور میدانی علاقوں میں بھی ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ کپوارہ، بانڈی پورہ، گاندربل، اننت ناگ اور کشتواڑ کے کچھ پہاڑی علاقوں میں درمیانی درجے کی برف باری توقع ہے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ 12 سے 14 مارچ تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ایک اور مغربی ہوا کی لہر کے زیر اثر 15 اور 16 مارچ کو موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ کچھ پہاڑی علاقوں میں ہلکے برف و باراں کی توقع ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 17 اور 18 مارچ کو بھی موسم کی کم و بیش یہی صورتحال رہ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد میں 19 اور 20 مارچ کو بھی موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ کچھ علاقوں میں ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ 10 سے 12 مارچ کے دوران کپوارہ، بانڈی پورہ، اننت ناگ اور کشتواڑ کے پہاڑی علاقوں اور کچھ اہم پہاڑی گذر گاہوں پر موسمی حالات کے باعث ٹریفک کی نقل و حمل میں خلل پیدا ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9 سے 11 مارچ تک بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ 30 سے 40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ 10 سے 11 مارچ تک زرعی سرگرمیاں عارضی طور پر بند رکھیں تاکہ ممکنہ نقصان سے بچا جاسکے۔
دریں اثنا سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
وادی کے مشہور ترین سیاحتی مقامات پہلگام اور گلمرگ میں اس دوران بالترتیب 11.6 ملی میٹر اور 12.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
سری حدی ضلع کپوارہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2.8ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

Comments are closed.