شوپیان میں منشیات کی کمائی سے حاصل کی گئی غیر منقولہ جائیداد ضبط: پولیس
جموں و کشمیر پولیس نے منشیات سے متعلق سرگرمیوں کے خلاف مہم میں جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں ایک منشیات فروش کی مبینہ طور پر منشیات کی غیر قانونی تجارت سے حاصل کی گئی غیر منقولہ جائیداد کو ضبط کر دیا۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ شوپیاں پولیس نے ایک رہائشی کی جائیداد ضبط کر لی ہے جس کو مبینہ طور پر منشیات کی غیر قانونی تجارت سے حاصل کی گئی آمدنی سے خریدا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے زرکان کیلر میں ایک دو منزلہ رہائشی مکان کو ضبط کر دیا ہے جس کی مالیت 55 لاکھ 21 ہزار 1 سو 89 روپیے بتائی جاتی ہے اور یہ غلام محمد کھانڈے ساکن زرکان کیلر کی ملکیت ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران یہ جائیداد منشیات اور ممنوعہ اشیاء کی غیر قانونی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی سے خریدی قرار دی گئی اور اسی بنیاد پر یہ کارروائی پولیس اسٹیشن کیلر میں درج ایف آئی آر نمبر/49/2025 کے سلسلے میں عمل میں لائی گئی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ جائیداد ضبط کرنے کی کارروائی ایک باقاعدہ تشکیل دی گئی پولیس ٹیم کی موجودگی میں انجام دی گئی جس میں ایگزیکٹو مجسٹریٹ، لمبردار اور چوکیدار شامل تھے تاکہ تمام قانونی ضابطوں اور طریقہ کار پر مکمل عمل در آمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ شوپیاں پولیس منشیات کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے۔
Comments are closed.