ہر چیز میں سیاست نہ کریں’: عمر عبداللہ کی ضلع مجسٹریٹ کشتواڑ کے حالیہ حکمنامے کی وضاحت

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کو قانون ساز اسمبلی میں واضح کیا کہ ضلع مجسٹریٹ کشتواڑ نے رمضان المبارک کے دوران خیراتی عطیات کی ضابطہ کاری سے متعلق جاری کردہ حالیہ حکمنامہ اپنی مرضی سے نہیں بلکہ مقامی مذہبی رہنماؤں کی آرا اور تجاویز پر جاری کیا تھا۔

انہوں نے جمعہ کو ایوان میں اس حکمنامے کے متعلق وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ‘کل ایوان کی کارروائی کے دوران رکن اسمبلی بانڈی پورہ نظام الدین بٹ کھڑے ہوئے تھے اور کہا گیا تھا کہ کشتواڑ میں زکواۃ اور عطیات کے حوالے سے ایک حکمنامہ جاری ہوا ہے اور حکومت مذہبی معاملات میں دخل دے رہی ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میں نے اس میں تحقیقات کرنے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ ضلع مجسٹریٹ صاحب نے یہ حکمنامہ اپنی مرضی سے جاری نہیں کیا تھا’۔

وزیر اعلیٰ نے کہا: ‘رمضان المبارک سے قبل تمام ضلع مجسٹریٹ سے کہا گیا تھا کہ وہ اس مہینے کی تیاری کے لئے مقامی لوگوں کے ساتھ بات کریں، میٹنگ کے دوران کشتواڑ شہر اور دیگر آس پاس کے مسلم مذہبی لیڈر ضلع مجسٹریٹ صاحب سے ملے تھے اور انہوں نے خدشات ظاہر کئے تھے کہ کئی لوگ صرف ماہ رمضان کے دوران نقلی این جی اوز چلاتے ہیں اور کافی پیسہ اکٹھا کرتے ہیں اور پھر وہ اس پیسے کو کہاں صرف کرتے ہیں اس کا کسی کو پتہ نہیں چلتا ہے، کسی مریض کے نام پر بھی پیسہ جمع کیا جاتا ہے، مریض ہے بھی یا نہیں کسی کو کچھ بھی معلوم نہیں ہوتا ہے، اس سے اصلی این جی اوز کو نقصان پہنچتا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘ان لیڈروں نے ضلع مجسٹریٹ صاحب سے ایک ایسا آرڈر جاری کرنے کی گذارش کی جس سے یہ سلسلہ رک سکے اور ان مذہبی لیڈروں کی گذارش پر ہی ضلع مجسٹریٹ نے یہ حکمنامہ جاری کیا جس کا جامع مسجد کشتواڑ کے امام اور دیگر مذہبی لیڈروں نے خیر مقدم کیا’۔
عمر عبداللہ نے ارکان اسمبلی پر زور دیا کہ وہ ہر چیز میں سیاست نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ کبھی کبھی فیصلے سیاسی بنیادوں پر نہیں بلکہ لوگوں سے مشورے کرنے کے بعد لئے جاتے ہیں۔

Comments are closed.