سال رواں میں زائد اَز30,000 خالی اَسامیوں کو پُر کیا جائے گا/ وزیر اعلیٰ

جموں/20فروری

وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے آج یہ اعادہ کیاکہ ان کی حکومت وقت کی پابندی کے ساتھ خالی اَسامیوں کو پُرکرنے کے لئے پُرعزم ہے اور اعلان کیا کہ موجودہ سال کے دوران زائد اَز 30,000 خالی اَسامیاںپُر کی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ نے یہ باتیں جاری بجٹ سیشن میں وقفہ¿ سوالات کے دوران ایم ایل اے پروفیسر گارو رام بھگت کی طرف سے اُٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہیں۔
اُنہوں نے ایوان کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مختلف سرکاری محکموں میں وقتاً فوقتاً اَسامیاںخالی ہوتی رہتی ہیں جن میں فیلڈ لیول کی پوسٹیں بھی شامل ہیں ، جو ریٹائیرمنٹس ، پروموشنز ، استعفیٰ اور دیگر اِنتظامی وجوہات کی بنیاد پر ہوتی ہیں ۔ اُنہوں نے کہا، ” خالی اَسامیوں کی وقتاً فوقتاً تشخیص اور متعلقہ بھرتی ایجنسیوں کو قانونی دفعات کے مطابق بروقت ریفرل کیلئے ادارہ جاتی میکانزم موجود ہیں ۔ “
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ضروری خدمات اور فیلڈ لیول کے کاموں پر منفی اثر نہ پڑے اس لئے تمام محکموں میں مناسب عملہ کی تعداد برقرار رکھی جاتی ہے ۔ جہاں ضروری ہو ، قائم شدہ قواعد کے مطابق عبوری اِنتظامی انتظامات اَپنائے جاتے ہیں ۔
اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے خالی اَسامیوں کو جلد پُر کرنے کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں ۔ ان میں خالی اَسامیوں کی پیشگی شناخت اور ان کا یکجاکرنا ، بھرتی ایجنسیوں کو درخواستیں وقت پر بھیجنا ، طریقہ کار کی ضروریات کومنظم کرنا ، انتظامی سطح پر باقاعدہ نگرانی اور بھرتی کے عمل میں کارکردگی اور شفافیت کو یقینی بنانا شامل ہے ۔

Comments are closed.