جموں میں فرار گینگسٹر کی تلاش تیز، پانچ مشتبہ افراد گرفتار

آر ایس پورہ جموں کے نابالغوں کے اصلاحی مرکز سے فرار ہونے والے بدنام زمانہ گینگسٹر کی تلاش نے شدت اختیار کرلی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ مفرور نوعمرافراد کی تلاش کے سلسلے میں پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ شروع کر دی گئی ہے۔ یہ اقدام اس واقعے کے بعد اٹھایا گیا ہے جس میں جموں کے سرحدی علاقے میں قائم ایک جیوینائل ہوم سے تین نوجوان فرار ہوگئے تھے جن میں دو پاکستانی شہری بھی شامل تھے۔

پولیس کے مطابق دو پاکستانی نوجوان — محمد ثنااللہ اور احسن انور کو فرار ہونے کے 20 گھنٹے کے اندر اندر ہریانہ کے امبالہ ریلوے اسٹیشن کے قریب گرفتار کر لیا گیا، جب وہ مبینہ طور پر نیپال کی طرف فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

تاہم کرجیت سنگھ عرف ’گُگّا‘، جو جموں کے آر ایس پورہ کے دبلہر علاقے کا رہائشی ہے اور فرار کا ماسٹر مائنڈ سمجھا جا رہا ہے، تاحال پولیس کی گرفت سے باہر ہے۔ تینوں نے پیر شام تقریباً 5 بجے اصلاحی مرکز سے پولیس اہلکاروں پر حملہ کرکے وہاں سے فرار ہونے میں کامیابی حاصل کی تھی، جس میں دو اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

اسی دوران ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں مبینہ طور پر کرجیت سنگھ کو اصلاحی مرکز کے اندر فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس کے باعث عوام میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق فرار گینگسٹر کا تعلق ’خوف‘ نامی گینگ سے بتایا جاتا ہے۔
حکام نے بتایا کہ خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو جموں کے اندر اور بیرونِ جموں متعدد مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں۔ مزید یہ کہ کرجیت سنگھ کی والدہ بھی اپنے گھر سے لاپتہ ہے اور شبہ ہے کہ وہ اپنے بیٹے کے ساتھ ہو سکتی ہیں۔
پولیس نے ان پانچ افراد کو بھی حراست میں لیا ہے جو جیوینائل ہوم کے اندر سنگھ کے ساتھ باقاعدگی سے رابطے میں تھے۔ قابل ذکر ہے کہ کرجیت سنگھ گزشتہ سال جنوری میں جموں کے جویل چوک میں حریف گینگ کے سرغنہ سُمیت جنڈیال عرف ’گٹرو‘ کے قتل کے کیس میں دیگر ساتھیوں کے ساتھ گرفتار ہوا تھا، جس کے بعد اسے اصلاحی مرکز میں رکھا گیا تھا۔
واقعے کے تناظر میں چھ پولیس اہلکاروں بشمول ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر کو فرض کی انجام دہی میں غفلت برتنے پر معطل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے اس واقعے پر مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے جن میں قتل کی کوشش، پولیس اہلکاروں پر حملہ، حراست سے فرار، منظم جرائم اور اسلحہ ایکٹ کی دفعات 3 اور 25 شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری تک تلاش جاری رہے گی۔

Comments are closed.