ایس آئی اے کشمیر نے دو افراد کے خلاف ملک دشمن سرگرمیوں کے الزام میں چارج شیٹ دائر کی

ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے) کشمیر نے آج ایک اہم کارروائی انجام دیتے ہوئے دو ملزمان کے خلاف فردِ جرم عدالت میں پیش کی ہے۔ ربن گنڈ بہرام شوپیاں کے الطاف حسین وگے اور رامپورہ قیموہ کولگام کے شبیر احمد شیخ (جو اس وقت سرحد پار سرگرم ہے) پر الزام ہے کہ وہ کالعدم تنظیم حزب المجاہدین کے لیے سرگرم رہ کر ملک مخالف مواد پھیلانے اور نوجوانوں کو گمراہ کرنے میں شامل رہے۔

یہ مقدمہ سوشل میڈیا پر علیحدگی پسند اور دہشت گردی نواز پروپیگنڈا پھیلانے سے متعلق ہے۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ دونوں ملزمان مختلف ناموں سے جعلی اکاؤنٹ چلاتے تھے اور ان پلیٹ فارمز کے ذریعے عوام، خصوصاً نوجوانوں، کو اشتعال دلانے اور انتظامیہ کے خلاف منفی مہم چلانے میں سرگرم تھے۔

ایس آئی اے کے مطابق ایف آئی آر نمبر 01/2025 اس وقت درج کی گئی تھی جب مصدقہ اطلاعات موصول ہوئیں کہ پاکستان میں سرگرم کالعدم تنظیمیں — لشکرِ طیبہ، جیشِ محمد — اپنے مقامی ساتھیوں کے ساتھ مل کر بھارت مخالف مہم چلا رہی ہیں، جس کا مقصد نوجوانوں کو ورغلا کر دہشت گرد سرگرمیوں کی طرف دھکیلنا تھا۔

ایجنسی کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران متعدد آن لائن اکاؤنٹس کی نشاندہی ہوئی جو ملزمان کے کنٹرول میں تھے اور ان کے ذریعے علیحدگی پسند بیانیہ پھیلایا جا رہا تھا۔ معاملے سے جڑے دیگر افراد کی شناخت اور کردار کا جائزہ لینے کے لیے تفتیش بدستور جاری ہے۔

ایس آئی اے کشمیر نے کہا کہ وہ ایسے تمام عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھے گی جو ملک کی خودمختاری، امن اور نوجوانوں کے مستقبل کے خلاف سرگرم ہوں، چاہے وہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم استعمال کریں یا کھلی محاذ آرائی کا راستہ اختیار کریں

Comments are closed.