کٹھوعہ میں ڈرون کے ذریعے پاکستان سے بھیجی گئی ہیروئن ضبط، دو اسمگلر گرفتار
کٹھوعہ پولیس نے پاکستان سے ڈرون کے ذریعے گرائی گئی ہیروئن کی کھیپ برآمد کرکے دو اسمگلروں کو گرفتار کیا ہے، جبکہ ابتدائی تفتیش میں ایک بین ریاستی نیٹ ورک اور پاکستانی اسمگلروں سے رابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق کارروائی ایس ایس پی کٹھوعہ محیتا شرما کی نگرانی میں انجام دی گئی، جس کے دوران قریب 150 گرام ہیروئن ضبط کی گئی۔
پولیس کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ جموں و کشمیر اور پنجاب کی سرحد سے متصل ناگری علاقے میں ڈرون کے ذریعے منشیات گرائی گئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے تکنیکی شواہد اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر تحقیقات شروع کیں، جس کے نتیجے میں پہلے ملزم جتن ولد اجیت کمار ساکن منوال، پٹھانکوٹ کو گرفتار کیا گیا۔ بعد ازاں رابطوں کی کڑی آگے بڑھاتے ہوئے دوسرا ملزم دانش ڈوگرا عرف سجن ولد شمشیر ساکن جکھبار، کٹھوعہ کی بھی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
تحقیقات کے مطابق دونوں ملزمان پاکستان میں موجود ایک اسمگلر کے ساتھ ’وی او آئی پیز‘ کالز کے ذریعے رابطے میں تھے اور ڈرون سے گرائی گئی ہیروئن کو نوجوانوں میں فروخت کرنے کی نیت رکھتے تھے تاکہ برٓ مالی فائدہ حاصل کیا جاسکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پورے اسمگلنگ نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کے لئے مزید تفتیش جاری ہے۔ کٹھوعہ پولیس نے منشیات کے خلاف اپنی پختہ کارروائی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس لعنت کے خاتمے کے لئے پولیس کے ساتھ تعاون کریں، کیونکہ منشیات کا استعمال نوجوان نسل کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے۔
Comments are closed.