جعلی بین الاقوامی انعامی اسکیم معاملے میں دو ملزموں کے خلاف چارج شیٹ داخل: سی بی کے
سری نگر، یکم فروری
کرائم برانچ کشمیر (سی بی کے) کی اقتصادی جرائم ونگ نے جعلی بین الاقوامی انعامی رقم کے ایک معاملے میں دو ملزموں کے خلاف چارج شیٹ دائر کی ہے۔
یہ چارج شیٹ تعزیرات ہند کی دفعہ420 اور آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ 66 (ڈی) کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر24/2017 معزز عدالت سٹی منصف(جی ایم آئی سی) سری نگر میں پیش کر دی گئی۔
ونگ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ تحقیقات کا آغاز ایک شکایت موصول ہونے کے بعد کیا گیا جس میں شکایت کنندہ نے بتایا کہ اسے ایک دھوکہ دہی پر مبنی ایک فون کال کے ذریعے یہ کہہ کر ورغلایا گیا کہ اس نے برطانیہ کی کمپنی ایم /ایس شیورلیٹ موٹرز پروموشین لیمیٹڈ کی جانب سے 2.35 کروڑ روپیے اور ایک کار بطور انعام جیت لی ہے اور انعام حاصل کرنے کے لئےشکایت کنندہ کو cheprom@liv.co.uK نامی ای میل آئی ڈی کے ذریعے رابطہ کرنے کی ہدایت دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں ای میل کے ذریعے شکایت کنندہ سے کسٹم ڈیوٹی کے نام پررقم اسٹیٹ بینک آف انڈیا، برانچ سرائے خواجہ میں جیتو راج جوہری کے نام سے قائم بینک کھاتے میں جمع کروائی گئی۔
ان کا کہنا ہے کہ رقم جمع کروانے کے بعد شکایت کنندہ کو ایک اور ای میل موصول ہوا جس میں اس کو رائل بینک آف اسکاٹ لینڈ میں کھاتہ کھولنے اور چارجز آف ٹرانسفر کے نام پر این ایس جی ایجنسی کے ذریعے مزید رقم جمع کروانے کی ہدایت دی گئی۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ شکایت کنندہ نے مختلف ذرائع سے رقم کا انتظام کرکے مطلوبہ رقم جمع کراوئی تاہم اس کے کھاتے میں کوئی انعامی رقم منتقل نہیں کی گئی اور اس دوران کال کرنے والا شخص جو خود کو "فرینک بین” ظاہر کرتا تھا اور frankban@diplomats.cOM ای میل آئی ڈی استعمال کر رہا تھا، شکایت کنندہ کو مسلسل گمراہ کرتا رہا۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات میں یہ بات ثابت ہوئی کہ جیتو راج جوہری ولد آنند کمار جوہری ساکن مکان نمبراے – 71 سیکنڈ فلور، فرنٹ سائیڈ، اشوکا انکلیو سیکٹر – 37، امرنگر فرید آباد (ہریانہ) اور سریش ٹھاکر ولد رمیش ٹھاکر ساکن مکان نمبر 63، اکھاڑا گھاٹ گیرو میل مظفر آباد حال مکان نمبر58، این بلاک، جے جے کالونی، شکور پور دہلی اس جرم میں براہ راست ملوث تھے اور انہوں نے دھوکہ دہی اور فریب کاری کے ذریعے شکایت کنندہ سے لاکھوں روپیے ہتھیا لئے۔
ان کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران زبانی، دستاویزی اور تصدیقی شواہد کی بنیاد پر ملزمان کے خلاف متعلقہ قانونی دفعات کے تحت جرائم ثابت کئے گئے۔ چانچہ کیس کو ثابت مانتے ہوئے چارج شیٹ مجاز عدالت میں عدالتی کارروائی کے لئے پیش کر دی گئی۔
Comments are closed.