گاندربل میں پٹواری 15 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار، سی بی آئی کی کارروائی

سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل میں محکمہ مال کے ایک پٹواری کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ہے۔ مذکورہ اہلکار موضع گڈورہ، گاندربل میں تعینات تھا اور اس پر الزام ہے کہ اس نے شکایت کنندہ سے 20 ہزار روپے رشوت طلب کی تھی۔
سی بی آئی ترجمان کے مطابق، کیس 28 جنوری 2026 کو درج کیا گیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ پٹواری نے زمین کے ریکارڈ یعنی ’جمعبندی‘ کے اجرا اور مال ریکارڈ کی درستی کے عوض رقم کا مطالبہ کیا تھا۔ اس سلسلے میں شکایت موصول ہونے کے بعد فوراً ٹیم تشکیل دی گئی۔
سی بی آئی نے 28 جنوری کو جال بچھایا اور پٹواری کو 15 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق ملزم کو قانونی کارروائی پوری کرنے کے بعد متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے گا، جبکہ تفتیش مزید جاری ہے۔
سی بی آئی نے واضح کیا کہ بدعنوان اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی ادارے کے اُس عزم کی عکاسی کرتی ہے جس کے تحت وہ ملک بھر میں کرپشن کے خاتمے کے لیے سرگرم ہے۔ سی بی آئی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی سرکاری اہلکار کی جانب سے رشوت کا مطالبہ کیا جائے تو فوراً شکایت درج کرائیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ جموں و کشمیر اور لداخ میں سرکاری کام کے بدلے رشوت طلب کیے جانے کی صورت میں شہری سی بی آئی یا اے سی بی، سرینگر سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
تحقیقاتی ایجنسی نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ رشوت خوری سے متعلق معاملات بلا خوف رپورٹ کریں تاکہ کرپشن کے خلاف ملک گیر جنگ کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

Comments are closed.