یوم جمہوریہ کی تقریبات سے قبل کولگام میں سیکورٹی کے کڑے انتظامات

یوم جمہوریہ کی تقریبات سے قبل کولگام پولیس نے جموں سرینگر قومی شاہراہ اور کولگام ضلع کے مختلف حصوں میں سیکورٹی بڑھا دی ہے ۔ نمائندے کے ساتھ بات کرتے ہوئے ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ ایس ایس پی کولگام عنایت علی چودھری کی ہدایت پر سخت حفاظتی مہم چلائی جا رہی ہے۔ آپریشن کی ذاتی طور پر نگرانی ایڈیشنل ایس پی این ایچ ڈبلیو قاضی گنڈ، ایس ڈی پی او قاضی گنڈ اور ڈی وائی ایس پی ایس او جی میربازار کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حفاظتی مشق کے ایک حصے کے طور پر،جموں سرینگر شاہراہ کے ساتھ اسٹریٹجک مقامات پر گاڑیوں کی بے ترتیب چیکنگ اور تلاشی کا عمل جاری ہے جن میں خاص طو رپر نیویگ ٹنل گیٹ، قاضی گنڈ، میربازار، السٹاپ، کھڈوانی بائی پاس، اور ضلع کولگام کے دیگر حساس علاقے شامل ہے ۔ نمائندے کے مطابق افسر نے کہا”قومی تقریبات کے سلسلے میں تخریبی عناصر کی کسی بھی مشتبہ نقل و حرکت کا سراغ لگانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے“۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس مہم کے دوران متعدد ڈبل سواروں کی جانچ پڑتال کی گئی، جب کہ درست دستاویزات کے بغیر پائے جانے والے متعدد دو پہیہ اور چار پہیہ گاڑیوں کو ضبط کیا گیا۔افسر نے مزید کہا کہ کثیر سطحی گشتی ٹیمیں شاہراہ کے ساتھ ساتھ اور ملحقہ علاقوں میں میٹل ڈیٹیکٹر کا استعمال کرتے ہوئے وسیع پیمانے پر چیکنگ کر رہی ہیں، جبکہ نگرانی کو مضبوط بنانے کے لیے ڈاگ سکواڈ بھی تعینات کیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم کسی بھی صورت حال سے نمٹنے اور مسافروں اور رہائشیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

Comments are closed.