جموں کے گورکھا نگر میں مشتبہ ڈرون برآمد

جموں،10جنوری

جموں کے گورکھا نگر علاقے میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب مقامی رہائشیوں نے ایک نالے کے قریب مشتبہ ڈرون نما شے دیکھی۔ واقعہ سنیچر کی صبح پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا اور پولیس کی متعدد ٹیمیں جائے موقعہ پر پہنچ گئیں۔
ذرائع کے مطابق، مقامی لوگوں نے نالے کے کنارے ایک مشکوک شے دیکھتے ہی فوری طور پر پولیس اسٹیشن باغِ بہو کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیمیں علاقے میں پہنچیں اور پورے مقام کو گھیرے میں لے کر مشتبہ ڈرون کو محفوظ طریقے سے قبضے میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق برآمد کی گئی شے کو تفصیلی جانچ کے لیے ماہرین کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ اس کی نوعیت، ساخت اور ممکنہ ماخذ کا پتہ چلایا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ ایک ڈرون سے مشابہ شے معلوم ہوتی ہے، تاہم اس کی تکنیکی جانچ کے بعد ہی کوئی حتمی رائے قائم کی جا سکے گی۔
پولیس نے مزید بتایا کہ معاملے کی سنگینی کے پیش نظر سیکورٹی ایجنسیوں کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے، جبکہ علاقے میں حفاظتی گشت بڑھا دیا گیا ہے۔
یو این آئی، ارشید

Comments are closed.