سرینگر میں غیر رجسٹرڈ ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز اور ہوم اسٹیز کے خلاف پولیس کی بڑی کارروائی

سری نگر،10جنوری

سرینگر پولیس نے ٹورسٹ پولیس اسٹیشن کی معاونت سے شہر بھر میں سیاحتی رہائش گاہوں کی جامع جانچ مہم کے دوران کئی غیر رجسٹرڈ ہوم اسٹیز اور ہوٹلوں کو بے ضابطگیوں کا مرتکب پایا اور ان کے خلاف موقع پر ہی کارروائی عمل میں لائی۔ اس خصوصی مہم کا مقصد سیاحتی صنعت کو ضابطہ بند کرنا، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور سیاحوں کی سلامتی کو یقینی بنانا بتایا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق معائنے کے دوران متعدد ادارے بغیر سرکاری اجازت نامے اور لازمی رجسٹریشن کے چلائے جا رہے تھے۔ ان میں شہر کے مختلف حصوں میں واقع کئی ہوٹل اور ہوم اسٹیز شامل ہیں جنہیں قواعد کی سنگین خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا اور مالکان کے خلاف بی این ایس ایس کی دفعات 126 اور 170 کے تحت کارروائی شروع کی جا رہی ہے۔

ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ غیر رجسٹرڈ رہائش گاہیں نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہیں بلکہ ان سے سیاحوں کی حفاظت اور نگرانی کا نظام بھی متاثر ہوتا ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ضلع میں کوئی بھی ادارہ قانونی دائرے سے باہر کام نہ کرے۔
پولیس نے تمام مالکان کو سختی کے ساتھ ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی رجسٹریشن مکمل کریں، ورنہ ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ حکام کے مطابق سرینگر میں اس نوعیت کی جانچ مہم آئندہ بھی جاری رہے گی تاکہ سیاحتی سرگرمیوں میں شفافیت اور نظم و ضبط برقرار رہے۔

Comments are closed.