ماگام میں اے ٹی ایم کارڈ تبدیل کر کے رقم اڑانے والا دھوکے باز گرفتار

سری نگر،10جنوری

بڈگام پولیس نے ایک نہایت چالاک اے ٹی ایم فراڈ کیس کو چند ہی دنوں میں حل کرتے ہوئے اس شخص کو گرفتار کر لیا ہے جو ماگام میں ایک شہری کا اے ٹی ایم کارڈ بدل کر اس کے کھاتے سے رقم نکالنے میں ملوث تھا۔پولیس کے مطابق غلام احمد بٹ، ساکن پرے پورہ ماگام نے ایک تحریری شکایت درج کرائی تھی کہ جے کے بینک کی مرکزی شاخ کے اے ٹی ایم میں ایک اجنبی شخص نے مدد کرنے کے بہانے ان کا کارڈ حاصل کیا اور بڑی مہارت سے اسے بدل دیا۔ متاثرہ شخص کو اس وقت حقیقت کا علم ہوا جب ان کے کھاتے سے غیر مجاز رقم نکلنے کی اطلاع ملی۔

شکایت درج ہونے کے ساتھ ہی پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔ پولیس نے تفتیش کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے تکنیکی شواہد، سی سی ٹی وی فوٹیج اور جدید طریقہ کار کا استعمال کرتے ہوئے ملزم کا سراغ لگایا۔پولیس نے بتایا کہ چھاپہ مار کارروائی کے بعد ملزم کو بارہمولہ کے درنگبل علاقے سے گرفتار کر لیا گیا۔ اس کی شناخت عبدل نعیم خان، ولد جلال الدین خان کے طور پر ہوئی ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے بعد معاملے کے دیگر پہلو¶ں کی بھی چھان بین جاری ہے تاکہ یہ جانچا جا سکے کہ آیا ملزم کسی بڑے گروہ سے جڑا ہوا ہے یا نہیں۔پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اے ٹی ایم پر موجود اجنبی افراد سے ہر ممکن گریز کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ پولیس اسٹیشن کو دیں۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی کہ مالی فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی سختی کے ساتھ جاری رہیں گی۔

Comments are closed.