برفباری کی پیشگوئی: ٹریفک پولیس رورل کشمیر نے ایڈوائزری جاری کی
سری نگر،19دسمبر
کشمیر وادی میں 20 دسمبر سے شدید بارش اور برفباری کی پیش گوئی کے پیش نظر ٹریفک پولیس رورل کشمیر نے ایک جامع ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے موٹر سواروں اور مسافروں کو خاص طور پر پہاڑی اور حساس شاہراہوں پر غیر معمولی احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں گاڑیوں کی نقل و حرکت صرف ٹریفک ہیڈکوارٹر جموں و کشمیر کی جانب سے جاری کردہ یومیہ ایڈوائزری اور مقررہ کٹ آف ٹائمنگ کے مطابق ہی ممکن ہوگی۔ مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ سفر شروع کرنے سے قبل ٹریفک پولیس کنٹرول روم کشمیر سے سڑکوں کی تازہ صورتحال اور آمد و رفت کے اوقات کی تصدیق ضرور کریں۔
ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ خراب موسم کے دوران پہاڑی سڑکوں پر گاڑی خراب ہونے کی صورت میں سنگین حادثات رونما ہو سکتے ہیں۔ اس لیے ڈرائیوروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں میں اینٹی اسکیڈ چینز، مناسب ایندھن، اور ضروری آلات بشمول بیٹری، ہیڈ لائٹس اور وائپرز کی مکمل جانچ یقینی بنائیں اور گاڑیوں کی فٹنس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
ٹریفک پولیس نے تمام موٹر سواروں کو ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی ہے، جن میں سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کا استعمال، محفوظ فاصلہ برقرار رکھنا، مقررہ رفتار کی پابندی، پھسلن والی سڑکوں پر اوور ٹیکنگ سے گریز، سڑک کنارے پارکنگ نہ کرنا اور دھند کے دوران لین ڈسپلن کی پابندی شامل ہے۔
کمرشل گاڑیوں کے مالکان اور ڈرائیوروں کو اوور لوڈنگ، زائد اونچائی اور اوور ہینگنگ سے سختی سے منع کیا گیا ہے، کیونکہ ایسے عوامل اکثر حادثات اور جانی نقصان کا سبب بنتے ہیں۔ ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ خراب موسم میں سفر صرف دن کی روشنی میں کیا جائے اور صرف مقررہ پارکنگ مقامات کا ہی استعمال کیا جائے تاکہ ٹریفک جام سے بچا جا سکے۔
پہاڑی راستوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ اینٹی اسکیڈ چینز صرف رجسٹرڈ وینڈرز ہی مقررہ مقامات پر نصب کر سکیں گے۔
ایڈوائزری کے مطابق خراب موسم کی صورت میں سری نگر-جموں قومی شاہراہ، ایس ایس جی روڈ، سنتھن پاس، مغل روڈ، گریز-بانڈی پورہ روڈ، کپواڑہ-کرناہ اور کپواڑہ-مچھل روڈ پر ٹریفک کی نقل و حرکت کو ٹریفک ہیڈکوارٹر جموں و کشمیر کی یومیہ ہدایات کے مطابق سختی سے منظم کیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس رورل کشمیر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنی سفری منصوبہ بندی صرف سرکاری ایڈوائزری کے مطابق کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اور ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔
Comments are closed.