نوہٹہ سرینگر میں آتشزدگی، 10 مکان خاکستر
سری نگر کے سید پورہ نوہٹہ میں دوران شب آتشزدگی کے ایک ہولناک واقعے میں کم سےکم 10 رہائشی مکان خاکستر ہوگئے۔
یہ سری نگر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھیانک آتشزدگی کا دوسرا واقعہ ہے۔ سری نگر کے ہی چھتہ بل علاقے میں جمعرات کی صبح آتشزدگی کے ایک واقعے میں 10 مکان خاکستر ہوئے۔
ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے سید پورہ نوہٹہ کی گنجان بستی والے علاقے میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں کو دور دور سے دیکھا جا سکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آگ کے شعلوں نے متصل واقع مکانوں کو چشم زدن میں اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آتشزدگی کے بارے میں اطلاع موصول ہوتے ہی مخلتف فائر اسٹیشنوں سے قریب ایک درجن فائر ٹنڈرس کو جائے موقع پر بھیج دیا گیا جنہوں نے سخت ترین مشکلات کے باوجود آگ کو قابو میں کر لیا۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں قریب 10 رہائشی مکانوں کو شدید نقصان پہنچا تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔
Comments are closed.