اولڈ برزلہ برزلہ میں خوفناک آتشزدگی، چار رہائشی مکانات خاکستر

سری نگر،14دسمبر

سریگر کے اولڈ برزلہ علاقے میں اتوار کی صبح آتشزدگی کے ایک شدید واقعے میں چار رہائشی مکان خاکستر ہو ئے، جس کے نتیجے میں علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تاہم بروقت کارروائی کے باعث آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا گیا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے ایک عہدیدار نے خبر رساں ایجنسی یو این آئی کو بتایا کہ اتوار کی صبح تقریباً ساڑھے نو بجے اولڈ برزلہ علاقے سے آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے فوراً بعد فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار ضروری ساز و سامان کے ساتھ جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہوئے۔

عہدیدار کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے سات فائر ٹینڈروں کو موقع پر تعینات کیا گیا، جنہوں نے مسلسل کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ کو مکمل طور پر بجھا دیا۔ تاہم اس دوران چار رہائشی مکانات شدید طور پر متاثر ہوئے اور ان میں رکھا گھریلو سامان بھی جل کر راکھ ہو گیا۔

مقامی لوگوں کے مطابق آگ اچانک بھڑک اٹھی جس کے باعث مکینوں کو گھروں سے باہر نکلنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

فائر اینڈ ایمرجنسی کے عہدیدار نے مزید بتایا کہ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ آتشزدگی کی اصل وجہ کا پتہ لگایا جا سکے۔

Comments are closed.