فلائٹ منسوخی سے امیدوار پریشان، عمر عبداللہ نے امتحان ملتوی کرانے کا مطالبہ کیا

سری نگر، 6 دسمبر

جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ایئر لائنز کے جاری تکنیکی و آپریشنل مسائل کے سبب پیدا ہونے والی سفری بدنظمی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے امیدواروں کے لیے ایک غیر معمولی بحران قرار دیا ہے ۔

وزیر اعلیٰ نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ متعدد اُمیدوار ایئرپورٹس پر پھنسے ہوئے ہیں جبکہ کچھ نے اپنی فلائٹس کے منسوخ یا تاخیر کا سامنا کیا، جس کے باعث ان کا ‘جے کے پی ایس سی’ امتحان میں شامل ہونا شدید خدشات کا شکار ہوگیا ہے ۔ عمر عبداللہ نے اس صورتحال کو لوک بھون کی جانب سے عمرکی حد میں نرمی کی منظوری میں تاخیر کے ساتھ جوڑتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام امیدواروں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہا ہے ، حالانکہ ماضی میں یہ رعایت کئی مرتبہ دی جا چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مروجہ اصولوں کے مطابق اس رعایت پر کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے تھا اور اس معاملے میں تاخیر نے بے چینی اور غیر یقینی کی کیفیت پیدا کر دی ہے ۔

انہوں نے جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن سے اپیل کی کہ وہ غیر معمولی حالات کا احساس کرے اور وادی بھر کے امیدواروں پر پڑنے والے ذہنی دبا¶ کو مدِنظر رکھتے ہوئے امتحانات کو م¶خر کرنے پر سنجیدگی سے غور کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں امتحان کا انعقاد نہ صرف بے انصافی ہوگا بلکہ ہزاروں اُمیدواروں کے مستقبل پر بھی منفی اثر پڑے گا۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بحران کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں تاکہ امیدوار بغیر کسی پریشانی کے امتحانات میں شامل ہوسکیں اور انہیں مساوی، شفاف اور منصفانہ موقع فراہم کیا جا سکے ۔

Comments are closed.