رام نگر کے جوفر علاقے میں سیکورٹی فورسز کا تلاشی آپریشن

جموں و کشمیر کے ضلع اُدھمپور کے رام نگر سب ڈویژن کے جوفر علاقے میں منگل کی صبح سیکورٹی فورسز نے مشکوک نقل و حرکت کی مخصوص انٹیلی جنس اطلاع ملنے کے بعد وسیع تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق پولیس، اسپیشل آپریشنز گروپ اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیموں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
ذرائع نے بتایا کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کو گزشتہ رات اس دشوار گزار علاقے میں دہشت گردوں یا مشتبہ عناصر کی موجودگی کے امکانات کے بارے میں خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی، جس کے بعد اعلیٰ سطحی مشاورت کے فوراً بعد مشترکہ دستے متحرک کیے گئے۔ کارروائی صبح سویرے شروع کی گئی تاکہ مشتبہ افراد کے ممکنہ فرار کے راستوں پر بروقت قابو پایا جا سکے۔
سیکورٹی اہلکاروں نے جوفر کے گھنے جنگلات، پہاڑی ڈھلانوں اور نزدیک گاؤں کی طرف جانے والے راستوں پر سخت نگرانی قائم کر دی ہے۔ فورسز علاقے کے ہر اس مقام کی باریک بینی سے تلاشی لے رہی ہیں جسے ممکنہ چھپنے کی جگہ یا فرار کا راستہ سمجھا جا سکتا ہے۔ طویل آپریشن کے دوران متعدد مقامات پر ڈرونز کی مدد بھی لی جا رہی ہے تاکہ سرچ گرڈ مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ ہمیں ٹھوس انٹیلی جنس ان پٹ ملا تھا کہ علاقے میں دو سے تین مشتبہ افراد کی نقل و حرکت دیکھی گئی ہے۔ فورسز اس وقت پورے صبر و تحمل اور پیشہ ورانہ انداز میں تلاشی کارروائی انجام دے رہی ہیں۔ جب تک علاقے کو مکمل طور صاف قرار نہیں دیا جاتا، سرچ آپریشن جاری رہے گا۔

Comments are closed.