چرار شریف میں دو بد نام زمانہ منشیات فروشوں کی جائیدادیں قرق
سری نگر ،30نومبر
بڈگام پولیس نے منشیات کے کاروبار کے خلاف اپنی سخت مہم کے تحت چرارِ شریف میں دو بدنام زمانہ منشیات فروشوں کی45 لاکھ روپے مالیت کی جائیدادیں ضبط کرلیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق پولیس نے گاؤں بونہارڈ چراونی، چرارِ شریف میں واقع ایک دو منزلہ رہائشی مکان ضبط کیا ہے، جو خورشید احمد گنائی ولد محمد عبداللہ گنائی کی ملکیت ہے۔ مذکورہ شخص کے خلاف پولیس اسٹیشن چرارِ شریف میں ایف آئی آر نمبر 100/2024 زیرِ دفعات 8/15-20 این ڈی پی ایس ایکٹ درج ہے۔
اسی طرح پولیس نے گاؤں نوہارر، چرارِ شریف میں واقع ایک اور دو منزلہ رہائشی مکان کو بھی ضبط کیا ہے، جو معر اج احمد شاہ ولد غلام حسن شاہ کا ہے۔ ان کے خلاف ایف آئی آر نمبر 08/2021 زیرِ دفعہ 8/20 این ڈی پی ایس ایکٹ درج ہے۔
تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ دونوں ملزمان نے یہ جائیدادیں غیر قانونی منشیات کے کاروبار سے حاصل شدہ کمائی سے تعمیر کی تھیں۔ تمام قانونی کارروائیاں مکمل کرنے اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر پولیس نے ان املاک کو سیکشن 68-ایف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ضبط کیا۔
بڈگام پولیس نے اس موقع پر کہا کہ منشیات کی روک تھام کے لیے ان کی زیرو ٹالرینس پالیسی جاری رہے گی اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات فروشوں سے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات پولیس کے ساتھ شیئر کریں تاکہ معاشرے کو اس تباہ کن لعنت سے پاک کیا جاسکے
Comments are closed.