سرینگر : پولیس اسٹیشن نوگام میں دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے نائب تحصیلدار سمیت 9 افراد جاں بحق ، 29 زخمی

سرینگر/15 نومبر / ٹی آئی نیوز

سرینگر کے نوگام پولیس اسٹیشن میں رات دیر گئے ہوئے ایک زور دار دھماکے میں نائب تحصیلدار سمیت 9 افراد جاں بحق اور 29 دیگر زخمی ہو گئے۔

حکام نے بتایا کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب پولیس اسٹیشن کے اندر رکھا گیا ایک ضبط شدہ دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا۔

انہوں نے کہا کہ دھماکہ خیز مواد غالباً امونیم نائٹریٹ حال ہی میں ہریانہ کے فرید آباد سے نوگام پولیس اسٹیشن میں لایا گیا تھا۔ یہ دھماکہ خیز مواد جموں و کشمیر پولیس اور فرید آباد پولیس نے ڈاکٹروں کے مبینہ دہشت گردی کے ماڈیول کا پردہ فاش کرنے کے بعد ضبط کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مرنے والوں میں زیادہ تر پولیس اہلکار اور ایف ایس ایل ٹیم کے ارکان ہیں۔ جبکہ ایک نائب تحصیلدار اور مقامی درزی بھی مرنے والوں میں شامل ہیں جبکہ 29 دیگر زخمی ہیں۔ زخمیوں میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔

اہلکار نے مزید کہا کہ لاشوں کی شناخت کا کام جاری ہے کیونکہ کچھ مکمل طور پر جھلس چکی ہیں۔ دھماکے کی شدت اتنی تھی کہ پولیس اسٹیشن سے تقریباً 200میٹر کے فاصلے پر قریبی گھروں سے جسم کے کچھ اعضا برآمد ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زخمیوں کو علاج کیلئے سرینگر کے آرمی کے 92 بیس اسپتال اور سکمز صورہ میں داخل کرایا گیا ہے، جب کہ کچھ کو علاج کے لیے مقامی نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

Comments are closed.