پونچھ میں کھیت سے ڈرون برآمد، پولیس نے تحقیقات شروع کی
جموں،4 نومبر
جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کے مینڈھر سیکٹر میں منگل کے روز ایک مشتبہ ڈرون کھیت سے برآمد کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ ڈرون لائن آف کنٹرول (ایل او سی) سے محض چھ کلو میٹر کی فضائی دوری پر واقع گاؤں سخی میدان سے ملا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پونچھ پولیس کی اسپیشل آپریشنز گروپ کو منگل کی صبح اطلاع ملی کہ ایک ڈرون نما شے گاؤں کے کھلے کھیت میں دیکھی گئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی خصوصی ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور علاقے کا محاصرہ کرکے ڈرون کو اپنے قبضے میں لیا۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ ڈرون ممکنہ طور پر سرحد پار سے آیا ہو سکتا ہے، تاہم ابھی اس بات کی تصدیق باقی ہے کہ آیا یہ کسی جاسوسی یا سمگلنگ مقصد کے لیے استعمال کیا گیا تھا یا نہیں۔ پولیس نے ڈرون کے تمام پرزے اور اس کے ساتھ منسلک آلات کو قبضے میں لے کر فارنسک جانچ کے لیے بھیجا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ڈرون کی بازیابی کے بعد علاقے میں سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ فوج اور پولیس مشترکہ طور پر اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہیں کہ ڈرون کہاں سے لانچ کیا گیا اور اس کا ہدف کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ڈرون کی تکنیکی تفصیلات اور اس کے نیوی گیشنل ڈیٹا کا تجزیہ کیا جا رہا ہے تاکہ اس کے اصل ماخذ اور پرواز کے راستے کا سراغ لگایا جا سکے۔
واضح رہے کہ پچھلے چند مہینوں میں جموں، کٹھوعہ اور راجوری کے علاوہ پونچھ سیکٹر میں بھی ڈرون سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جن میں سے اکثر کیسز میں ہتھیار یا منشیات کی اسمگلنگ کے شواہد ملے ہیں۔ پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
Comments are closed.