جموں و کشمیر میں برف وباراں کا امکان: محکمہ موسمیات
سری نگر، 4 نومبر
محکمہ موسمیات کے مطابق ایی مغربی ہوا جموں وکشمیر کی طرف آ رہی ہے جس کے نتیجے میں موسم میں وسیع پیمانے پر تبدیلی کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مغربی ہوا کے زیر اثر جموں وکشمیر کے کچھ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ موسم کی یہ صورتحال 4 نومبر کی سہہ پہر سے 5 نومبر کی صبح تک جاری رہ سکتی ہے جس کے بعد موسم میں بہتری متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں جموں و کشمیر میں 16 نومبر تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔
محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 5 نومبر سے درجہ حرارت میں گراوٹ درج ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہاڑی علاقوں میں شبانہ برف باری سے سڑکوں پر پھسلن ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں ٹریفک کی نقل و حمل مختصر وقفے کے لئے متاثر رہنے کا بھی امکان ہے۔
محکمے کے مطابق شمالی کشمیر کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ سہ پہر تین بجے سے پانچ بجے تک جاری رہ سکتا ہے جبکہ وسطی کشمیر کے میدانی علاقوں میں شام پانچ بجے سے رات 10 بجے تک اور جنوبی کشمیر کے میدانی علاقوں میں شام پانچ بجے سے رات گیارہ بجے تک ہلکی بارش کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران کہیں ہلکی تو کہیں درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے تاہم میدانی علاقوں میں برف باری کا کوئی امکان نہیں ہے۔
			
											
Comments are closed.