جموں میں کرایہ داروں اور ملازمین کی لازمی پولیس تصدیق کا حکم، 6 نومبر تک تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت

جموں،یکم نومبر

ضلع مجسٹریٹ جموں راکش منہاس نے ایک اہم انتظامی حکمنامہ جاری کرتے ہوئے تمام مکان مالکان، جائیداد کے مالکان، ٹھیکیداروں اور کاروباری اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے کرایہ داروں، گھریلو ملازمین اور ورکرز کی مکمل تفصیلات متعلقہ پولیس اسٹیشن میں چھ نومبر تک لازمی طور پر جمع کرائیں۔
یہ حکم بھارتیہ نگریِک سرکشا سنہِتا کی دفعہ 163 کے تحت جاری کیا گیا ہے، جو سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، جموں کی ایک رپورٹ کے بعد سامنے آیا جس میں حالیہ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر تصدیقی عمل کو ضروری قرار دیا گیا تھا۔
حکمنامے کے مطابق، تمام مکان مالکان اور کاروباری سربراہان کو اپنے کرایہ داروں یا ملازمین کے کوائف ایک اعلامیہ فارم کے ذریعے جمع کرانے ہوں گے، جس پر مالک اور کرایہ دار/ملازم دونوں کے دستخط لازمی ہوں گے۔ یہ فارم براہِ راست متعلقہ ایس ایچ او کو یا رجسٹرڈ ڈاک کے ذریعے جمع کرایا جا سکتا ہے۔
ضلع انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ جو لوگ پہلے سے کرایہ دار یا ملازمین رکھ چکے ہیں، وہ 6 نومبر 2025 تک ان کی تفصیلات جمع کرائیں، جبکہ آئندہ کسی بھی نئی تقرری یا کرایہ داری کی صورت میں معلومات سات دن کے اندر اندر فراہم کرنا لازمی ہوگا۔
مزید برآں، جموں کے تمام پولیس اسٹیشنوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کرایہ داروں اور ملازمین کی تصدیق کے لیے علیحدہ رجسٹر قائم کریں تاکہ ریکارڈ باقاعدہ محفوظ رکھا جا سکے۔
ضلع مجسٹریٹ کے حکم میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں بھارتیہ نیائے سنہِتا کی دفعہ 223 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب روایتی ’دربار مو‘ نظام کے تحت 31 اکتوبر کو سری نگر میں دفاتر بند کر دیے گئے تھے اور اب 3 نومبر سے جموں میں دوبارہ کھولے جائیں گے۔

Comments are closed.