لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا وادی کے پہلے ’باغ گل داود‘ کا دورہ

سری نگر،یکم نومبر

جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتے کے روز وادی کے پہلے باغ گل داود کا معائنہ کیا جو حال ہی میں عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ یہ گارڈن سرینگر کے بوٹینیکل گارڈن میں قائم کیا گیا ہے اور اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے جو خزاں کے رنگوں اور خوشبوؤں سے مزین ایک نیا سیاحتی مرکز بن کر اُبھر رہا ہے۔
سرکاری ترجمان کے مطابق، تقریباً 100 کنال پر پھیلا یہ گارڈن ہزاروں اقسام کے کرسنتھمُم پھولوں کی نمائش پیش کرتا ہے، جو نہ صرف مقامی باشندوں بلکہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے ایک دلکش مقام بن چکا ہے۔ گارڈن کو وادی کی قدرتی خوبصورتی اور موسمی رنگتوں کے امتزاج کے طور پر تیار کیا گیا ہے تاکہ موسمِ خزاں کی خوبصورتی کو مزید نمایاں کیا جا سکے۔
قابل ذکر ہے کہ اس گارڈن کا افتتاح وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے 25 اکتوبر کو کیا تھا، جب کہ سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بھی آج اس کا خصوصی دورہ کیا اور محکمہ باغبانی کی کوششوں کو سراہا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اس موقع پر کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں ایکو-ٹورزم اور تھیم پارک کلچر کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے تاکہ سیاحتی شعبے کو نئی سمت دی جا سکے اور مقامی معیشت کو تقویت حاصل ہو۔

Comments are closed.