حالیہ راجیہ سبھا الیکشن میں نیشنل کانفرنس نے بی جے پی کی حمایت کی: سجاد لون کا الزام

سری نگر، 25 اکتوبر

پیپلز کانفرنس کے صدر اور رکن اسمبلی سجاد لون نے نیشنل کانفرنس پر جموں و کشمیر میں حالیہ راجیہ سبھا انتخابات کے دوران بی جے پی کی حمایت کرنے کا الزام لگایا۔

انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ ان کی پارٹی جموں وکشمیر میں ریزرویشن پالیسی کے خلاف مہم شروع کرے گی۔
موصوف صدر نے یہ باتیں ہفتے کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیں۔

انہوں نے کہا: ‘ موجودہ ریزرویشن ڈھانچہ بھرتی اور تعلیم میں میرٹ کو کمزور کر رہا ہے۔ اوپن میرٹ کو ایک طرف رکھ دیا گیا ہے، ہم اس سسٹم کے خلاف عوامی رجسٹریشن مہم شروع کر رہے ہیں، اگر احتجاج یا بھوک ہڑتال کی ضرورت پڑی تو ہم اس کے لیے تیار ہیں’۔
نیشنل کانفرنس کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا الزام تھا کہ نیشنل کانفرنس حالیہ راجیہ سبھا انتخابات میں بی جے پی کے ساتھ ملی ہوئی تھی۔

سجاد لون نے کہا: ‘ ان دو یا تین اضافی ووٹوں میں اس امیدوار نمبر چار کے لیے کوئی گنجائش نہیں تھی،اگر کراس ووٹنگ نہ ہوتی تو بھی وہ امیدوار ہار جاتا۔ تمام کراس ووٹنگ نیشنل کانفرنس نے کی’۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ‘ نیشنل کانفرنس کے سات ارکان نے براہ راست اپنے ووٹ بی جے پی کو تحفے میں دیے،یہ ایک فکسڈ میچ تھا اور یہ وہی پارٹی ہے جس نے دوسروں پر بی جے پی کے ساتھ ہونے کا الزام لگایا تھا اور آج وہ بی جے پی کی گود میں بیٹھے ہیں’۔
عمر عبداللہ پر تنقید کرتے ہوئے سجاد لون نے کہا کہ کانگریس کو جان بوجھ کر راجیہ سبھا کی جیتنے کے قابل سیٹ سے انکار کیا گیا۔
انہوں نے دلیل پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک قومی پارٹی کے طور پر کانگریس کو ترجیح دی جانی چاہیے تھی کیونکہ ایک قومی پارٹی قومی اسٹیج پر الگ وزن رکھتی ہے۔

ان کا الزام تھا کہ ‘نیشنل کانفرنس کے سابق راجیہ سبھا ممبران دہلی میں ڈیلیور کرنے میں ناکام رہے،ان میں سے کوئی بھی کوئی خاطر خواہ چیز واپس لانے میں کامیاب نہیں ہوسکا وہ صرف چھوٹے ذاتی احسانات حاصل کرنے کے لیے وہاں گئے تھے’۔

انہوں نے کہا: ‘ ستر سالوں سے یہی کہانی رہی ہے۔ وہ (نیشنل کانفرنس) یہ کہتے ہوئے دہلی جاتے ہیں کہ ‘ہمیں مارو لیکن رونے دو، وہ دہلی سے کہتے ہیں کہ شکنجہ کس لو لیکن یہاں اس کی مزاحمت کرتے ہیں’۔

رکن اسمبلی نے جموں وکشمیر کے لوگوں کو بیدار ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک "دیرینہ سیاسی دھوکے’ کو پہچان لیں۔
انہوں نے کہا: ‘بی جے پی انہی لوگوں کے ذریعے اپنے امیدواروں کی جیت یقینی بناتی ہے۔ وہ ووٹروں کو بے وقوف بنانے کے لیے انتخابات کے دوران بی جے پی کو برا بھلا ہیں، لیکن وہ پردے کے پیچھے مل کر کام کر رہے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘ میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ میں نے ووٹ ڈالنے سے پرہیز کیا ورنہ آج ساری انگلیاں مجھ پر اٹھتیں’۔

Comments are closed.