چیف الیکٹورل آفیسر نے نگروٹہ اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا

جموں 17 اکتوبر

جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر ( سی ای او ) مسٹر سنجیو ورما نے آج یہاں ایک جائیزہ میٹنگ کی صدارت کی تا کہ 77 نگروٹہ اسمبلی حلقہ کے آنے والے ضمنی انتخابات کی تیاریوں کا اندازہ لگایا جائے ، جو 11 نومبر 2025 کو منعقد ہونے والا ہے ۔
ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر ( ڈی ای او ) نے حلقہ میں کئے جا رہے انتخابی انتظامات کی تفصیلی رپورٹ پیش کی ۔
میٹنگ میں سپیشل سیکرٹری ڈاکٹر نیروپا رائے ، سپیشل سیکرٹری مسٹر ایس کے گپتا ، جوائینٹ سی ای او انیل سلگوترہ کے علاوہ دیگر نوڈل آفیسرز اور سینئر ڈسٹرکٹ آفیسرز موجود تھے ۔
اس کے علاوہ ریٹرننگ آفیسر77 نگروٹہ حلقہ ڈاکٹر راجیش کمار اور ایس پی ہیڈ کوارٹرز ارشاد راتھر بھی موجود تھے ، جنہوں نے جے اینڈ کے پولیس کی سیکورٹی تیاریوں پر ایک پرذنٹیشن دی ۔
اپنے ریمارکس میں سی ای او مسٹر سنجیو ورما نے زور دیا کہ ضمنی انتخابات کو آزادانہ ، منصفانہ اور شفاف طریقے سے منعقد کیا جائے ، ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کی سخت پابندی اور شکایات کے بروقت ازالے کے ذریعے ووٹرز کا اعتماد یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات ” جمہوریت کا تہوار “ ہیں ، جس میں معاشرے کے تمام طبقوں کی جامع شرکت دیکھنے کو ملنی چاہئیے ۔
سی ای او نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام تربیتی اور لاجسٹک مشقوں کو شیڈول کے مطابق مکمل کریں ۔ ای وی ایم اور وی وی پیٹ منیجمنٹ ، ٹرانسپورٹ پلاننگ ، ایس وی ای ای پی مہمات ، سٹرانگ روم انتظامات اور معذور افراد ( پی ڈبلیو ڈی ) اور بزرگ شہریوں کیلئے سہولیات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا ۔
سی ای او نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے اٹھائے گئے فعال اقدامات کی تعریف کی اور ایس وی ای ای پی ریلیوں اور آگاہی پروگراموں کے ذریعے شہری رابطہ کاری پر زور دیا ۔

Comments are closed.