وومنز کالج سرینگر نے جموں کشمیر کی مجموعی ترقی میں شاندار رول اَدا کیا ہے /سکینہ اِیتو

سری نگر/15 اکتوبر
وزیر برائے تعلیم، سماجی بہبود، صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے آج کہا کہ گورنمنٹ وومنز کالج ایم اے روڈ سری نگر نے گزشتہ 75 برسوں سے جموں و کشمیر کی مجموعی ترقی میں اہم رول اَدا کیا ہے۔

اِن باتوں کا اِظہار وزیر موصوفہ نے آج گورنمنٹ وومنزکالج سری نگر کے 75ویں سال کے قیام کی یاد میں منعقدہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اُنہوں نے کہاکہ یہ کالج جموں و کشمیر کے ممتاز اِداروں میں سے ایک ہے، جو خواتین کی تعلیم و خودمختاری کے لیے وقف ہے۔
اِس موقعہ پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری اعلیٰ تعلیم شانت منو، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر شیخ اعجاز، پرنسپل کالج پروفیسر یاسمین فاروق، نوڈل پرنسپل پروفیسر سیما ناز، ڈین اکیڈمک افیئرز کلسٹر یونیورسٹی سری نگر، سابق پرنسپلوں و پروفیسروں، کالج کی سابق طالبات اور بڑی تعداد میں طلبا¿ نے شرکت کی۔
وزیر سکینہ اِیتو نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کالج کی شاندار وراثت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اِدارہ جموں و کشمیر کی فکری، ثقافتی اور سماجی ترقی میں اہم رول اَدا کرتا آیا ہے۔ اُنہوں نے کہا،”یہ اِدارہ گزشتہ کئی دہائیوں سے خواتین کی خودمختاری کا سنگِ بنیاد رہا ہے جس نے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والی قائدانہ، تدریسی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی حامل نسلیں پروان چڑھائیں۔“
اُنہوں نے مزید کہا کہ گورنمنٹ کالج برائے خواتین سری نگر، جموں و کشمیر کی خواتین کے لئے روشنی کا مینار ہے جو نہ صرف علمی برتری بلکہ خوداعتمادی، قیادت اور خدمتِ خلق کے جذبے کو بھی فروغ دیتا ہے۔
وزیر موصوفہ نے اپنے خطاب میں کالج کی سابق طالبات کے رول کو بھی یاد کیا اور ان کی شرکت پر شکریہ اَدا کیا۔ اُنہوں نے فیکلٹی اور سابق طالبات کے عزم و لگن کو سر اہتے ہوئے موجودہ طالبات پر زور دیا کہ وہ اِدارے کی میراث کو علم پر مبنی ترقی کے اس دور میں مزید جوش و جذبے سے آگے بڑھائیں۔
اُنہوںنے حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر میں اعلیٰ تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیابالخصوص خواتین کی تعلیم میں رَسائی، معیار اور اِختراعات کو بڑھانے پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے تعلیم اور صحت کے شعبوں کو بجٹ میں بہت اہمیت دی ہے۔
وزیر سکینہ اِیتو نے مزید کہا کہ گزشتہ ایک برس میں حکومت نے نئے قائم شدہ ڈِگری کالجوں کو فعال بنایا ہے اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لئے خاطر خواہ فیکلٹی بھی بھرتی کی گئی ہے۔
وائس چانسلر کلسٹر یونیورسٹی سری نگر ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اعلیٰ تعلیم اور ڈائریکٹر کالجز نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
پرنسپل جی سی ڈبلیو سری نگر پروفیسر یاسمین فاروق نے اِستقبالیہ خطاب میں اس دن کو کالج کی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل قرار دیا اور اِدارے کی مختلف کامیابیوں کو اُجاگر کیا۔
اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے کالج کے 75 سالہ سفر پر مبنی ایک ”کافی ٹیبل بُک“ کی رسم رونمائی کی اور” کالج ٹائمز“، ”زولوجیکل کرانیکل“ اور سابق طالبات، اساتذہ اور طلبا¿ کی تصنیف کردہ دیگر کتابیں بھی جاری کیں۔
وزیر موصوفہ نے تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء، فیکلٹی ممبران کے ساتھ ساتھ کالج کے سابق طالبات کو اعزازات سے بھی نوازا۔
تقریب کے دوران کالج کے ادارہ جاتی سفر کو ایک اے وِی پرزنٹیشن، دستاویزی فلم، سابق طالبات کے انٹرویوز اور 2014 کے سیلاب کے دوران کالج کی تصاویر کے ذریعے پیش کیا گیا جس میں خواتین کی تعلیم میں بہترین کارکردگی کے لئے کالج کے عزم کو اُجاگر کیا گیا۔
تقریب میں انٹرجنریشنل سٹوری ٹیلنگ سیشنز بھی منعقد ہوئیںجن میں سابق طالبات نے اَپنے تجربات اور مشاہدات حاضرین سے اِشتراک کیا۔ پروفیسر نیرجا متو، پروفیسر نسیم شفائی اور نینسی دھر نے اپنی دلچسپ یادیں بیان کر کے سامعین کو محظوظ کیا۔

Comments are closed.