دہشت گرد متاثرین کو جموں و کشمیر میں انصاف فراہم کیا جائے گا: منوج سنہا

سری نگر،15اکتوبر

جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کے روز کہا کہ ان کی انتظامیہ دہشت گردانہ واقعات کے متاثرین کے لیے مقدمات درج کرنے اور تمام متاثرہ افراد کو انصاف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

سنہا نے یہ بات کپوارہ ضلع کے دردپورہ گاؤں کے دورے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا، ’ہم نے پچھلے تین سے چار ماہ میں ایک مہم شروع کی ہے۔ ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ دہشت گردی کے تمام متاثرین کو انصاف ملے۔‘
لیفٹیننٹ گورنر نے بتایا کہ دہشت گردوں کے ہاتھوں متاثر ہونے والے 250 سے زائد افراد کو جموں و کشمیر میں ملازمتیں فراہم کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا، ’باقی کیسز بھی زیر کارروائی ہیں۔ انتخابات کے بعد انہیں بھی ملازمتیں دی جائیں گی۔‘
بعد ازاں سنہا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بھی بیان دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ تمام دہشت گرد متاثرین کی زندگی دوبارہ سنوارنے میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
سنہا نے ایکس پر لکھا:’آج دردپورہ، کپوارہ میں دہشت گرد متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔ ساتھ ہی گورنمنٹ ڈگری کالج کپوارہ میں دہشت گرد متاثرین کے ورثاء سے خطاب کیا۔ میں نے خاندانوں کو یقین دلایا کہ ان کے دہائیوں پر محیط صدمے، اذیت اور تکالیف کا خاتمہ ہوگا۔ ہم تمام مدد فراہم کریں گے تاکہ وہ اپنی زندگی دوبارہ قائم کر سکیں۔‘

انہوں نے مزید کہا،’پاکستان کی پشت پناہی والے دہشت گردوں کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے شہریوں کے خاندانوں کو نظامی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا، جس نے ان کی ترقی کو متاثر کیا۔ ان کے حقوق اور وسائل تک رسائی محدود رہی۔ اب تمام رکاوٹیں دور کی جا چکی ہیں اور ہم دہشت گرد متاثرین کے خاندانوں کو انصاف اور وقار فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔‘

Comments are closed.