یہ دیوالی ’وکل فار لوکل‘ خود انحصاری اور قومی فخر کو فروغ دینا ہمارا مشن ہونا چاہیے/ منوج سنہا

لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج جموں کے گلشن گرانڈ میں جموں و کشمیر پولیس کے دیوالی میلے۔ 2025 کا اِفتتاح کیا۔ اِس موقعہ پر اُنہوں نے ا±ن بہادر سپاہیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کی خدمت میں اَپنی جانیں قربان کیں۔

اُنہوں نے لوگوںسے دیوالی کے موقعے پر سودیشی اور سیلف ہیلپ گروپوں اور مقامی کاریگروں کی تیار کردہ مصنوعات خریدنے کی اپیل کی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،”آئیے ہم اپنی مقامی معیشت کو فروغ دیں، مقامی کاروباریوں کو بااِختیار بنائیں، روزگار کے مواقع بڑھائیں اور جموں و کشمیر کی مجموعی اِقتصادی حالت کو مضبوط کریں۔“
اُنہوںنے مزید کہا ،”یہ دیوالی ’وکل فار لوکل‘ خود انحصاری اور قومی فخر کو فروغ دینا ہمارا مشن ہونا چاہیے۔“
منوج سِنہا نے کہا کہ تمام کنبوں کو دیوالی کے موقعہ پر تحفے کے طور پر دستکاری، ہینڈلوم اور دیگر روایتی مصنوعات خریدنی چاہئیں۔اُنہوں نے کہاکہ اِس سے نہ صرف لوگوں میںحب الوطنی کا جذبہ پیدا ہوگا بلکہ چھوٹے کاروباروں کی مدد بھی ہوگی۔
یہ میلہ جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے پولیس وائیوز ویلفیئر ایسوسی ایشن (پی ڈبلیو ڈبلیو اے) کے اِشتراک سے منعقد کیا گیا ہے جس میںلوگوں کے لئے کئی دلچسپ سرگرمیاں جیسے کھانے اور خریداری کے سٹالز، عوامی بیداری پروگرام، کیریئر کونسلنگ اور تعلیمی سٹالز، جادو کا لائیو شو، پولیس بینڈ کی پرفارمنس، شاندار لیزر شو اور آتش بازی شامل ہیں۔
اِفتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل پولیس نلین پربھات، ایڈیشنل ڈِی جی پی ہیڈکوارٹرز ایم کے سنہا، ایڈیشنل ڈِی جی پی آرمڈ فورسز آنند جین، آئی جی پی جموں بھیم سین توتی،صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، پولیس و سول اِنتظامیہ کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ اَفسران، پولیس وائیوز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے اراکین اور بڑی تعداد میں شہری موجود تھے۔

Comments are closed.