بانہال میں دردناک واقعہ، باپ بیٹا بیک وقت فوت

جموں،14اکتوبر

جموں و کشمیر کے ضلع رام بن کے بانہال علاقے میں منگل کی صبح ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جب ایک باپ اپنے بیمار بیٹے کو علاج کے لیے اسپتال لے جا رہا تھا۔ راستے میں جب بیٹا اُس کی گود میں دم توڑ گیا تو صدمے سے باپ کو دل کا دورہ پڑا اور وہ بھی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ تحصیل بانہال کے تتھار علاقے میں پیش آیا۔ 45 سالہ شبیر احمد گنائی ولد محمد اکبر اپنے 14 سالہ بیمار بیٹے ساحل احمد کو علاج کے لیے اسپتال لے جا رہے تھے ۔ راستے میں اچانک ساحل احمد کی طبیعت بگڑ گئی اور وہ اپنے والد کی گود میں گر پڑا۔ جب لڑکے نے دم توڑا تو باپ اس صدمے کو برداشت نہ کر سکا اور اُسے دل کا شدید دورہ پڑا، جس سے وہ بھی موقع پر ہی جان بحق ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں باپ بیٹے کو فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ اسپتال بانہال پہنچایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ اس دردناک سانحے کے بعد تتھار بانہال علاقے میں صفِ ماتم بچھ گئی ہے ۔ مقامی لوگوں نے اس واقعے کو دل کو چیر دینے والا سانحہ قرار دیا۔ علاقہ مکینوں نے دونوں باپ بیٹے کی ناگہانی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ ہمدردی ظاہر کی ہے ۔

Comments are closed.