گاندربل میں سیاحوں اور مقامی جوڑوں کو ہراساں کرنے والے "16/96 گروپ” کے 20افراد گرفتار
سری نگر،12اکتوببر
گاندربل پولیس نے ایک فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے ضلع کے مختلف تفریحی مقامات پر سیاحوں اور مقامی جوڑوں کو ہراساں کرنے والے 20 افراد کے ایک گروپ کو گرفتار کر لیا ہے۔ مذکورہ گروپ نے اپنا نام (16/96)” رکھا تھا اور اس کے اراکین ابراہیم پارک، ڈمپنگ پارک اور دریائے سندھ کے کنارے واقع دیگر عوامی مقامات پر غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے۔
پولیس کے مطابق یہ افراد پارکوں اور عوامی مقامات پر آنے والے نوجوان جوڑوں اور سیاحوں کی بغیر اجازت تصاویر اور ویڈیوز بناتے تھے، بعد ازاں ان کو ڈرانے، بلیک میل کرنے اور مالی فائدے حاصل کرنے کے لیے ہراساں کرتے تھے۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ یہ گروپ اپنی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کے لیے واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گروپس چلاتے تھے جہاں پر وہ غیر قانونی حرکات کے لیے ایک دوسرے سے رابطہ میں رہتے تھے۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام 20 ملوث افراد کی شناخت کر کے انہیں گرفتار کر لیا۔ ان کے والدین کو بھی پولیس اسٹیشن گاندربل طلب کر کے خصوصی کونسلنگ سیشن میں شریک کرایا گیا تاکہ آئندہ ایسی حرکات کی روک تھام ہو سکے۔
تاہم پولیس کے مطابق، کچھ افراد پہلے بھی ایسی سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں، لہٰذا ان عادی مجرموں کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے انہیں جیل بھیج دیا گیا ہے۔
عوام کی سلامتی اور سیاحوں کے احترام کو یقینی بنانے کے لیے گاندربل پولیس نے خصوصی ہیلپ لائن نمبرز بھی جاری کیے ہیں ۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی بھی مقام پر ہراسانی یا مشتبہ سرگرمی نظر آئے تو فوری طور پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔
Comments are closed.