وزیر اعظم مودی نے ٹرمپ کی طرف سے غزہ کے امن منصوبے کا کیا خیرمقدم

نئی دہلی، 30 ستمبر

وزیر اعظم نریندر مودی نے غزہ کی پٹی میں حماس اور اسرائیل کے درمیان تنازعہ کو ختم کرنے کے لئے امریکی صدر کے امن منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس میں شامل ہر فریق اسے قبول کریں گے۔

مسٹر نریندر مودی نے منگل کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک بیان میں کہا، "ہم غزہ کی جنگ کو ختم کرنے کے لیے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے جامع منصوبے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔”

وزیر اعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ فلسطینی اور اسرائیلی عوام کے ساتھ ساتھ وسیع تر مغربی ایشیائی خطے کے لیے طویل مدتی اور پائیدار امن، سلامتی اور ترقی کے لیے قابل عمل راستہ پیش کرنے والا ہے۔

مسٹر نریندر مودی نے کہا، "ہمیں امید ہے کہ تمام متعلقہ فریق صدر ٹرمپ کی پہل پر متحد ہوں گے اور تنازع کو ختم کرنے اور امن کو یقینی بنانے کی اس کوشش کی حمایت کریں گے۔”

مسٹر ٹرمپ نے پیر کے روز وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے ساتھ بات چیت کے بعد غزہ میں تنازعے کو ختم کرنے کے لیے جامع منصوبے کا اعلان کیا۔ اس منصوبے میں غزہ سے جنگی سرگرمیوں کو روکنا اور غزہ کی پٹی کی جامع تعمیر نو شامل ہے۔ اس منصوبے میں حماس کے ذریعہ یرغمال بنائے گئے افراد کی رہائی اور اسرائیل کے زیر حراست فلسطینیوں کی رہائی کی بھی تجویز ہے۔

Comments are closed.