سرکار دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے: امت شاہ
جموں، یکم ستمبر
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پیر کے روز جموں میں اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران جموں و کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، یونین ہوم سکریٹری، ڈائریکٹر انٹیلی جنس بیورو، چیف سکریٹری، ڈی جی پی جموں و کشمیر، سی اے پی ایف کے سربراہان اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔
وزیر داخلہ نے امرناتھ یاترا 2025 کو پرامن اور کامیابی کے ساتھ منعقد کرانے پر جموں و کشمیر کی انتظامیہ اور سیکورٹی ایجنسیوں کی سراہنا کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں دہشت گردی کے خلاف حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری رہے گا۔ اس موقع پر انہوں نے سیکورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ مسلسل چوکس رہیں اور قریبی تال میل کے ساتھ کام کرتے ہوئے وادی سے دہشت گردی کا خاتمہ یقینی بنائیں۔
اجلاس کے دوران امیت شاہ نے حالیہ دنوں جموں و کشمیر میں آنے والے تباہ کن فلیش فلڈز کے دوران جانفشانی کے ساتھ ریسکیو اور ریلیف آپریشن انجام دینے پر فورسز کی خدمات کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے بے شمار قیمتی جانیں بچائیں۔
وزیر داخلہ نے یہ یقین دہانی کرائی کہ مستقبل میں بھی مرکزی نیم فوجی دستے ریاستی حکومت کو قدرتی آفات سے نمٹنے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرتے رہیں گے۔
Comments are closed.