کشتواڑ کے دچھن علاقے میں انکاونٹر شروع

جموں،20جولائی

جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے دچھن علاقے میں اتوار کی سہ پہر سیکورٹی فورسز اور مشتبہ ملی ٹینٹوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد پورے علاقے میں سیکورٹی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز کو علاقے میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بارے میں مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی، جس کے بعد فوج، پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم نے دچھن علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی مہم شروع کی۔ تاہم جوں ہی آپریشن کا آغاز ہوا، وہاں چھپے ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اچانک فائرنگ کر دی۔
جوابی کارروائی میں سیکورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر پوزیشن سنبھالی اور علاقے میں شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق کافی دیر تک دونوں جانب سے فائرنگ جاری رہی۔
سلامتی اہلکاروں نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ ممکنہ فرار کے راستوں پر ناکہ بندی کر دی گئی ہے تاکہ ملی ٹینٹوں کو فرار ہونے کا کوئی موقع نہ مل سکے۔ مقامی آبادی کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے علاقے میں نقل و حرکت پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک جھڑپ جاری تھی اور کسی بھی ہلاکت یا گرفتاری کے بارے میں فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس اور فوج کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ چکے ہیں اور آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

Comments are closed.