کشمیر ٹریڈ الائنس جموں و کشمیر بینک کے اعلی حکام سے ملاقی

کاروباری مسائل، قرضوں کے سود میں رعایت، اور دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال

سرینگر، 23 جون

کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز شہدار کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے جموں و کشمیر بینک کے جنرل منیجر آشوتوش سرین سے بینک ہیڈکوارٹر پر ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈپٹی جنرل منیجر کارپوریٹ بینکنگ نشی کانت شرما اور ڈپٹی جنرل منیجر کمرشل اینڈ کنزیومر بینکنگ راکیش مگوترا بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران گزشتہ ماہ پہلگام میں پیش آئے واقعے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال، تجارتی سرگرمیوں میں جمود اور اس سے متعلق کاروباری طبقے کو درپیش نقصانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وفد نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر تمام کاروباری شعبہ جات کو قرضوںکے سود میں رعایت دی جائے تاکہ متاثرہ طبقہ کچھ حد تک ریلیف حاصل کر سکے۔

اجلاس میں بینک انشورنس کے چارجز میں اضافے، حالیہ انسپکشن چارجز کے اطلاق، سی ڈی ایم مشینوں کی اہم مقامات و بنک شاخوں پر تنصیب، اور اسٹیٹمنٹ چارجز جیسے امور بھی زیر بحث آئے۔ وفد نے ان مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ تاجروں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

صدر کشمیر ٹریڈ الائنس اعجاز شہدار نے بینک حکام پر زور دیا کہ پہلگام واقعے کے بعد کی معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تاجروں، ٹرانسپورٹروں اور دیگر متعلقہ طبقوں کو فوری ریلیف فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی معاشی چیلنجز سے دوچار تجارت کو سہارا دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اس موقع پر بینک کے جنرل منیجر آشوتوش سرین نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ تاجروں کے تمام جائز خدشات کو بینک کی اعلیٰ قیادت کے سامنے ترجیحی بنیادوں پر پیش کیا جائے گا تاکہ ان کے ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔

وفد میں منندر سنگھ بھسین، عمر جان وانی، سجاد حیدر، اویس یعقوب، سجاد الدین بھی شامل تھے۔

Comments are closed.