جموں و کشمیر کے لوگ امن پسند ہیں ، وکست بھارت اور وکست جموں و کشمیر کے خواہشمند / عمر عبد اللہ

فرید آباد 17 نومبر

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج ہریانہ کے فرید آباد میں منعقد ہونے والے شمالی زونل کونسل ( این زیڈ سی ) کے 32 ویں اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کی صدارت وزیر داخلہ اور وزیر برائے کواپریشن مسٹر امت شاہ نے کی ۔
شمالی زون کونسل میں ہریانہ ، ہماچل پردیش ، پنجاب ، راجستھان ، دہلی ، جموں و کشمیر ، لداخ اور چندی گڑھ ریاستیں اور یو ٹیز شامل ہیں ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے حکومت کے مشن یووا کے آغاز کو اجاگر کیا ، جو تعلیم کے شعبے کو مضبوط بنانے ، کھیلوں کے انفراسٹرکچر کو وسعت دینے اور جموں و کشمیر میں ایک مضبوط کاروباری ماحولیاتی نظام کو فروغ دینے پر مرکوز ہے ۔
وزیر اعلیٰ نے مرکز کا شکریہ ادا کیا کہ اس نے جاری مالی تعاون برقرار رکھا ہے ، جس میں ایس اے ایس سی آئی اسکیم کو جموں و کشمیر تک توسیع دینا بھی شامل ہے ۔
انہوں نے کہا کہ این زیڈ سی ریاستیں اور یو ٹیز کے درمیان تعاون کو بڑھانے کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے ، اور اس بات کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر قومی ترقی کے لئے مکمل طور پر پرعزم ہے اور جمہوری اداروں پر پختہ یقین رکھتا ہے ۔
حالیہ دہشت گرد حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ دہشت گردی سے پورے عزم و ہمت کے ساتھ لڑنا ہو گا ، مگر ساتھ ہی یہ بھی یقینی بنانا ہو گا کہ بے گناہ لوگوں پر بلاوجہ شک نہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا ” جموں و کشمیر کے ہر رہائشی کو شک کی نگاہ سے نہیں دیکھنا چاہئیے ۔ جموں و کشمیر کے لوگ امن پسند ہیں اور وکست بھارت و وکست جموں و کشمیر کے خواہشمند ہیں ۔ وہ بھارت کی ترقی کی کہانی کا حصہ بننا چاہتے ہیں اور نگروٹہ اور بڈگام ضمنی انتخابات میں ووٹروں کی حالیہ پرجوش شرکت ہماری جمہوریت پر غیر متزلزل یقین کی گواہی ہے ۔ “

Comments are closed.